لاہور پولیس نے ای چالان نادہندگان کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کی تیاری کر لی
لاہور (آئی این پی ) لاہور پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ای چالان نادہندگان کو چالان جمع نہ کروانے تک پولیس سروسز میسر نہیں ہوں گی، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں لرنر پرمٹ، ڈوپلیکٹ و فریش لائسنس اور دیگر سہولت میسر نہ ہو گی جبکہ ای چالان نادہندگان کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویری فیکشن سمیت 14 مختلف سہولیات سے محروم رہیں گے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے سیف سٹی پنجاب، پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا۔
سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی، ٹریفک سگنل، لین، دھواں چھوڑنے، ون وے ٹریفک سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کیخلاف بھی کریک ڈان کا حکم دے دیا گیا، گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیرز اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ٹی او عمارہ اطہر کے مطابق منظم ٹریفک کے لیے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہو گا۔