ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہونے کو 10 سال مکمل، وہ مفروضے جو اس عرصے میں دنیا بھر کے میڈیا پر چھائے رہے
کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370کے لاپتہ ہونے کے المناک واقعے کو رواں ہفتے 10سال پورے ہو چکے۔ اس ایک دہائی میں اس بدقسمت ہوائی جہاز کے متعلق بلیک ہول سے روس کے تیسری عالمی جنگ شروع کرنے تک کئی طرح کے سازشی نظریات بھی بیان کیے گئے۔ تاہم آج تک نہ ان میں سے کوئی ایک سازشی نظریہ درست ثابت ہوا اور نہ ہی اس جہاز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ معلوم ہو سکا کہ اس کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ پرواز 227مسافروں اور تملے کے 12افراد کے ساتھ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے چین کے دارالحکومت بیجنگ جا رہی تھی کہ اڑان بھرنے کے لگ بھگ ایک گھنٹے بعد پرواز ریڈار سے غائب ہو گئی اور اس کے بعد اس کا کبھی کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
بعد ازاں اتنی تصدیق ہو سکی کہ ہوائی جہاز اپنا راستہ تبدیل کرکے بحرہند کی طرف آیا اور سمندر میں گر کر غرق ہو گیا۔ آئندہ چند سالوں کے دوران مختلف ساحلی علاقوں سے ہوائی جہاز کے کچھ پارٹس بھی ملے جن کے متعلق بتایا گیا کہ یہ ایم ایچ 370کے پارٹس ہیں۔
سازشی نظریہ سازوں نے کبھی کہا کہ یہ طیارہ بلیک ہول نے اپنی کشش سے اپنے اندر کھینچ لیا ہے اور کبھی کہا کہ روس نے تیسری عالمی جنگ شروع کرنے کے لیے اس طیارے کو ہائی جیک کیاہے۔ حتیٰ کہ اس طیارے کی گمشدگی کو برمودا ٹرائی اینگل سے جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی۔
ایک اور سازشی نظرئیے میں کہا گیا کہ اس طیارے کو امریکی فوج نے غلطی سے میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کر ڈالا۔امریکی فوج نے سمجھا کہ یہ طیارہ روٹ سے ہٹ کر اس لیے سمندر کی طرف آرہا ہے تاکہ بحرہند کے میں واقع امریکی فوج کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکے، جس طرح دوسری جنگ عظیم میں جاپانی فوج کے ایک سپیشل یونٹ کے پائلٹ بارود سے بھرے ہوائی جہازوں کو اتحادی فوجوں کے بحری بیڑوں سے ٹکرا کر انہیں تباہ کر دیتے تھے۔
ایک یہ سازشی نظریہ بھی بیان کیا گیا کہ اس ہوائی جہاز کا لاپتہ ہونا اس میں سوار کچھ مسافروں کی کارستانی ہے۔ یہ لوگ لائف انشورنس کی رقم کلیم کرنا چاہتے تھے، چنانچہ انہوں نے طیارہ لاپتہ کروا دیا۔ ایک افواہ یہ بھی گردش میں رہی کہ اس طیارے کے پائلٹ کا اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا۔ جس پر اس نے خودکشی کرنے کے لیے طیارے کو روٹ سے ہٹایا اور لیجا کر بحر ہند میں گرا دیا۔