امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کا دورہ ملتان،پاکستان کی مدد کیلئے امریکی کوششوں پر روشنی ڈالی

امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کا دورہ ملتان،پاکستان کی مدد کیلئے امریکی ...
امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کا دورہ ملتان،پاکستان کی مدد کیلئے امریکی کوششوں پر روشنی ڈالی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملتان کے اپنے دوسرے دورے کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی ،فوڈ سکیورٹی  اور توانائی سے متعلق اہم چیلنجزسے نمٹنے کے لیے "گرین الائنس" فریم ورک کے ذریعے پاکستان کی مدد کے لیے امریکی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

 ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 برس سے پاکستان مسلسل موسمیاتی خطرات کے انڈیکس میں سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہے۔ 

قونصل جنرل ہاکنز نے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (MEPCO) کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا، جو کہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں امریکی حکومت کی جاری امداد کے حصے کے طور پر ہے۔ 2014 سے امریکہ نے MEPCO کو 40ہزار سے زائدسمارٹ میٹر لگانے میں مدد کی ہے، جس سے ملتان کے رہائشیوں کے لیے بجلی کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ 

قونصل جنرل ہاکنز  کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یو ایس ایڈکی میپکو کے ساتھ شراکت نے شاندار نتائج فراہم کیے ہیں،ہم نے کسٹمر سروس کو بہتر بنانے اور آمدنی بڑھانے کے لیے نئے طریقے اور ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں۔

ملتان میں قونصل جنرل ہاکنز نے امریکی امداد سے چلنے والے فروٹ پروسیسنگ پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ ہم پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے، پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے، اور زرعی شعبے کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے اضافی مواقع تلاش کرنا جاری رکھیں گے ۔بشمول جدید آلات، تکنیک اور ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ اختراعات پاکستانی کسانوں کی مدد کرتی ہیں، ملازمتیں پیدا کرتی ہیں، کم لاگت آتی ہیں، آلودگی کو کم کرتی ہیں اور پاکستان کی موسمیاتی لچک کو مضبوط کرتی ہیں۔ امریکہ نے "پاکستان ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ" کے عنوان سے 21 ملین ڈالر کے اقدام کے ذریع63ہزار کسانوں کو جدید زرعی طریقوں پر تربیت دی ہے۔

پاکستان کے لیے یہ امریکی امدادیو ایس پاکستان "گرین الائنس" کے فریم ورک کا حصہ ہے۔ "گرین الائنس" کے ذریعے امریکہ اور پاکستان زرعی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، جبکہ مٹی اور پانی کے وسائل کو بھی محفوظ کر رہے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل ہاکنز نے کہا کہ ایک ساتھ مل کر  اس طرح کے منصوبوں اور شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستانی عوام کے لیے ایک روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل بنا سکتے ہیں۔