اوپر اللہ اور نیچے بلا کہنے والا 11 مئی کو اکیلا ہی اکیلا ہوگا:شہباز شریف
گوجر خان(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان، آصف زرداری کی محبت میں اتنے گرفتار ہوگئے ہیں کہ ان کو کچھ بھی نہیں سوجھتا، اوپر اللہ اور نیچے بلا کہنے والا 11 مئی کو اکیلا ہی اکیلا ہوگا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی بات کوئی بھی کرسکتا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) ہی تبدیلی کا مظہر ہے۔ انہوں نے طلبا کو میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کئے تاکہ ملک سے جہالت کا خاتمہ ہو، ریکارڈ مدت میں میٹرو بس سروس منصوبہ مکمل کیا، ان کے دور میں پنجاب میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں ہوئی، اگر کوئی کرپشن ثابت ہوجائےتوعوام کاہاتھ ہوگا اور ان کا گریبان۔انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کہتا ہے کہ ملک کے موجودہ مسائل کے ذمہ دار شریف برادران ہیں، عمران خان، آصف زرداری کی محبت میں اس قدر اندھے ہوچکے ہیں کہ انہیں نظر نہیں آتا کہ آصف زرداری نے کس طرح پاکستان کو تباہ کیا، عمران خان کو اس سے پرواہ نہیں کہ اسلام آباد میں رہنے والوں نے ملک کو کس قدر نقصان پہنچایا۔ عمران خان کا تو ایک ہی مقصد ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کاٹے جائیں اور ملک میں اندھیروں ، کرپشن، مہنگائی اور بےروزگاری کا راج دوبارہ آجائے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ بجلی بحران کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔ 700 میگاواٹ روز پنجاب سے باہر جارہی ہے جو پنجاب کے ساتھ کھلی دھاندلی ہے، نندی پور اور چیچو کی ملیہ میں 950 میگا واٹ بجلی کے پیداواری پلانٹ کی عمارت تیار ہے لیکن کراچی کی بندرگاہ پر اس کا سامان دو برس سے پڑا ہوا ہے۔ چین کے انجینئر واپس لوٹ گئے لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ عوام پاکستان کو اندھیروں سےنکال کراجالے اور کرپشن کی جگہ دیانت داری لانا چاہتے ہیں تو 11 مئی کو تیر اور بلے کی جگہ شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو کامیاب کریں۔اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی زرداری لیگ اور قبضہ مافیا بن چکی ہے، پورےپاکستان میں زرداری لیگ کا سورج غروب ہورہا ہے، پیپلز پارٹی کے کارکن اپنی پارٹی کی تباہی کا بدلہ لینا چاہتے ہیں تو وہ شیر پر مہر لگائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان شیر کے ساتھ ہیں، بلے کے ساتھی برگر کھانے والے ممی ڈیڈی ہیں۔ شہباز شریف ٹھیک کہتے ہیں تیر اور بلا مل گئے ہیں۔ تیرکی کہانی ختم ہوچکی اور بلےکے پلے بھی کچھ نہیں پڑے گا، 11 مئی کو قومی وقار بحال کریں گے