سانحہ کوٹ رادھا کشن :ضمانت کیس میں ہائی کورٹ نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کرلیا
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے الزام میں ملوث 7ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کو رپورٹ سمیت طلب کرلیاہے،مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور مسٹر جسٹس مظہر اقبال سدھو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یہ ہدایت ملزمان حارث بشیر وغیرہ کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت 13مئی پر ملتوی کرتے ہوئے جاری کی ،درخواست گزاروں کے وکیل آفتاب باجوہ نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے 23مارچ کو جے آئی ٹی کو تفتیش مکمل کر کے چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا لیکن جے آئی ٹی عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مزید موقف اختیار کیا کہ جن ملزمان کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور وہ بے گناہ ثابت ہوئے ہیں ان ملزموں کی حد تک ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کر لی جائے ،عدالت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کو تحقیقاتی رپورٹ سمیت طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 13مئی پر ملتوی کردی ہے ۔