لائن آف کنٹرول پرٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ 7مئی کو کھول دیا جائے گا

لائن آف کنٹرول پرٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ 7مئی کو کھول دیا جائے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر(کے پی آئی( لائن آف کنٹرول پرٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ 7مئی کو لوگوں کی آمد رفت کیلئے کھول دیا جائے گا ۔اس دوران درجنوں افراد امن عمل کے تحت ایل او سی عبور کر کے اپنے اپنے رشتہ داروں کو ملنے آر پار آ جا سکیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ دن ایسے لوگوں کیلئے بھی عید کے چاند کی طرح ہوتا ہے جو اس پار جانہیں سکتے، یا جنہیں حکومت کی جانب سے پاسپورٹ حاصل کرنے کی ممانعت ہے۔پچھلے سال اس کراسنگ پوائنٹ کو اکتوبر کے آخری ہفتے میں لوگوں کی آمد رفت کے لئے بند کیا گیا تھا۔ اب 7مئی کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ کرناہ کے آر پار منقسم لوگ اس دن کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ دن ایسے لوگوں کیلئے کسی بڑی خوشی سے کم نہیں ہوتا۔ ذرائع کے مطابق سال 2005سے اب تک اس پوائنٹ سے اب تک 3ہزار سے زیادہ لوگ سرحد پار اپنے رشتہ داروں سے مل کر آئے ہیں اور آر پار جا کر اپنے رشتہ داروں کی مکمل جانکاری حاصل کی۔ فوت ہوئے رشتہ داروں کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کی بھی۔کرناہ کے منقسم لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سرکار پر کافی امیدیں وابستہ رکھی ہیں کہ وہ اس راہداری پوائنٹ سے کراسنگ کے عمل کو نرم کر کے لوگوں کی آواجاہی کو آسان بنائے اور ساتھ ہی کراسنگ پوائنٹ کو سال بھر لوگوں کی آواجاہی کیلئے کھولا چھوڑا جائے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ان کے پاس ابھی تک 11افراد کے روٹ پرمنٹ پہنچے ہیں جو 7مئی کو اس پار جائیں گے۔
جبکہ اس پار سے بھی درجنوں افراد کے یہاں آنے کی تو قع ہے۔ ایک شہری فرید احمد کا کہنا ہے کہ ان کا پورا کنبہ اس کراسنگ سے اپنے ایک رشتہ دار کی شادی میں وہاں جا رہا ہے اور وہ 7مئی کے دن کا انتظار بڑی بے صبری سے کر رہے ہیں ۔جبکہ جن لوگوں کو سرحد پار جانے کی اجازت نہیں ہے وہ بھی7مئی کے دن کا انتظار کررہے ہیں ،وہ اس لئے کیونکہ ایسے لوگ دریا کشن گنگاکے دونوں کناروں پر جمع ہوکر چلا چلا کر اپنے عزیزوں کی خیر و عافیت دریافت کرتے ہیں۔ان ماں اور بہنوں کیلئے گویا یہ دن کسی عید سے کم نہیں ہوتا جنہیں اپنے بیٹوں اور بھائیوں سے ملنے کیلئے اس پار جانے کی اجازت نہیں ملتی ہے۔وہ کم از کم دریا کے دوسرے کنارے پر کھڑے ہو اپنے عزیزوں کو دیکھ پاتی ہیں۔علاقے کے لوگوں نے ریاست کے وزیرا علی مفتی محمد سعید سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کر کے اس پوائنٹ کو کھلا رکھنے کے علاوہ ٹیٹوال سے تجارت کرانے میں سے متعلق اقدام کریں ۔

مزید :

عالمی منظر -