عوام کو منشیات کے ہولناک نتائج سے آگاہ کیا جائے،مجتبیٰ شجاع الرحمن

عوام کو منشیات کے ہولناک نتائج سے آگاہ کیا جائے،مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور( خبرنگار) وزیرقانون، ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ علماء ، اساتذہ ، فلاحی تنظیمیں ، منتخب نمائندے خصوصاً میڈیا منشیات کے استعمال کے ہولناک نتائج سے عوام کو آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن ، غیرسرکاری فلاحی تنظیموں کے تعاون سے پارکس، فٹ پاتھوں اور گراؤنڈز میں پڑے نشئیوں کا علاج کرانے کے لئے انہیں ہسپتالوں میں داخل کروائے گا اور ہر ہسپتال میں 10بیڈز نشئیوں کے علاج کے لئے مختص کردیئے گئے ہیں اور محکمہ کے حکام نے اپنا آپریشن شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے لئے 38ملین روپے کے ایک پراجیکٹ کے تحت منشیات کے شکار لوگوں کو اس لعنت سے نجات دلانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے نیشنل کالج آف آرٹس میں ڈرگ فری سٹی لاہور کے سلسلے میں منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری ، سیکرٹری ایکسائز علی ظفر ، ڈی جی احمد عزیز تارڑ، ڈائریکٹر اقبال ناصر ، ای ٹی او لطیف انجم، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت منشیات کے خلاف قوانین کو سختی سے نافذ اور اس لعنت کے خلاف رائے عامہ بھی بیدار کررہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...