تعلیمی و دینی وظائف کی مد میں ایک کروڑ 57لاکھ سے زائد کی منظوری
لاہور( خبرنگار) صوبائی زکوۃ کونسل نے تعلیمی وظائف جنرل اور دینی وظائف کی مد میں صوبہ کے 12 اضلاع میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے لئے ایک کروڑ 57 لاکھ ، 57 ہزار روپے کے اجراء کی منظوری دے دی ہے ۔ اس امر کا فیصلہ گزشتہ روز چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت منعقدہ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ۔ جس میں سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر زکوۃ محمد افضل رانجھا ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوۃ(فیلڈ)رانا محمد سجاد بابر، محکمہ لوکل گورنمنٹ ، فنانس اور سوشل ویلفیئر کے نمائندگان اور اراکین کونسل حافظ زبیر احمد ظہیر ، سعید احمد انصاری ، اظہر فاروقی اور محترمہ تنویر کوثر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ کے 9 اضلاع جن میں لاہور، سیالکوٹ، میانوالی ، چکوال، راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، پاکپتن ، اٹک اور ننکانہ صاحب شامل ہیں
کے 69 تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 2166 طلباء وطالبات کو وظیفہ کی مد میں ایک کروڑ سات لاکھ 41 ہزار 464 روپے جبکہ صوبہ کے تین اضلاع جن میں سیالکوٹ، راجن پور اور ننکانہ صاحب شامل ہیں کے 12 دینی مدارس میں زیر تعلیم 1254 طلباء و طالبات کے لئے 50 لاکھ 16 ہزار 600 روپے کے فوری اجراء کا فیصلہ کیا گیا ۔چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن اور سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی نے محکمہ کے افسران کو کونسل کی منظور کردہ رقم کا فوری اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق طلباء و طالبات کیلئے یہ رقم ایک ہفتہ کے اندر تمام اضلاع کو پہنچ جانی چاہیے ۔