ٹیوٹا پہلی بار انٹرنل آڈٹ سسٹم متعارف کروائے گی

ٹیوٹا پہلی بار انٹرنل آڈٹ سسٹم متعارف کروائے گی

 لاہور (کامرس رپورٹر): ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) پہلی بار انٹرنل آڈٹ سسٹم متعارف کروائے گی۔ ٹیوٹا PPRA کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے آڈٹ کمپنیوں کا انتخاب کرے گی۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل منیجر (فنانس) عبدالقیوم، ڈپٹی جنرل منیجر (فنانس) عمر فاروق اور دیگر ٹیوٹا افسران نے بھی شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا سیکرٹریٹ، اس سے ملحقہ دفاتر اور اداروں کی تمام سرگرمیوں بشمول آپریشنز، ایچ آر، اکیڈمکس، سروس سینٹرز، پراجیکٹس،فنانس، لیگل اور ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا سو فیصد آڈٹ کیا جائے گا۔ ٹیوٹا بورڈ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں انٹرنل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے منصوبے کی پہلے سے منظوری دے دی ہے۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس کے آڈٹ کا مقصد مالیاتی اور دیگرشعبوں میں شفافیت اورمزید بہتری لانا ہے۔ یہ آڈٹ ٹیوٹا سیکرٹریٹ، اس کے ملحقہ دفاتر اور اداروں کیلئے کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پریہ آڈٹ ایک سال کے دوران کیا جائے گا۔ ٹیوٹا اس سسٹم کو جاری رکھنے کیلئے تین سال کے اندر اپنا انٹرنل آڈٹ سسٹم متعارف کروا ئے گی۔تمام معاملات کی درستگی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے، آڈٹ ٹیموں کے شیڈول دوروں کے علاوہ اچانک دورے بھی کئے جائیں گے۔ انٹرنل آڈٹ ٹیم، ایکسٹرنل آڈٹ ٹیم سے مختلف ہو نگی۔

مزید : کامرس


loading...