ڈینگی لاروے کے خاتمے کیلئے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں،بابر حیات تارڑ
لاہور( خبرنگار) صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت گزشتہ روز ڈینگی کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اور اجلاس میں ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔بابر حیات تارڑ خان نے ٹاؤن انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لئے سپرے اور دوسرے اقدامات جاری رکھے جائیں اور ٹاؤن کی دیہی حدود میں ڈینگی لاروا اور مچھر کے خاتمہ کے لئے کوششیں مسلسل جاری رکھی جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے ڈینگی بخار کے خلاف شعور بیدار کیا اور حکومتی اقدامات کے باعث موجود ہ سیزن کے دوران ڈینگی بخار کوپھیلنے سے روک دیاجائے گا
تاہم معاشرے کے تمام طبقے عوام کوڈینگی بخار کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ محمدشہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی کے تدارک کے لئے ہم نے بھرپور کاوشیں کیں اور ڈینگی کے خلاف یہ جنگ ایک مسلسل عمل ہے ۔سیکرٹری کوآپریٹو نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے اور علماء کرام اپنے خطبات میں عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کریں