شیخوپورہ میں جلائے جانے والے بچے کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا

شیخوپورہ میں جلائے جانے والے بچے کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا

لاہور (لیڈی رپورٹر) شیخوپورہ میں زمیندار کے ہاتھوں جلائے جانے والے بچے کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے نوٹس لینے کے بعدچائلڈ پروٹیکشن بیورو نے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر 8سالہ بچے فریاد کو شیخوپورہ سے علاج معالجہ کیلئے جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ جلائے جانے والے بچے کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں گی اور اس سلسلے میں تمام اخراجات چائلڈ پروٹیکشن بیورو برداشت کرے گا۔ اس کے علاوہ صحتیاب ہونے کے بعد فریاد کو باقاعدہ تعلیم کیلئے سکول میں داخل کروایا جائے گا اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو اس بچے کی اور اس کے والدین کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ بچوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر ضیاء اللہ کے مطابق بچے کا تقریباََ20فیصد جسم جل گیا ہے لیکن بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور بچے کو صحت یاب ہونے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ڈاکٹر محمود شوکت نے کہا کہ بچے کا جسمانی اور نفسیاتی ہر طرح کا علاج کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...