مصر میں اخوان المسلمون کے مزید 5 حامیوں کو سزائے موت سنا دی گئی

مصر میں اخوان المسلمون کے مزید 5 حامیوں کو سزائے موت سنا دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


قاہرہ(آئی این پی )مصر کی ایک عدالت نے دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے میں ایک پولیس تھانے پر حملے میں 13 اہلکاروں کی ہلاکت کے مقدمے میں ماخوذ مزید 5 افراد کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنا دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاہرہ کے نواحی علاقے میں ایک پولیس تھانے پر حملے میں 13 اہلکاروں کی ہلاکت کے مقدمے میں مزید 5 افراد کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنا دی گئی ہے ۔اس مقدمے میں فروری کے بعد سے اب تک اخوان المسلمون کے 183ارکان کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔یہ پانچوں مدعاعلیہان بھی اس گروپ میں شامل تھے لیکن وہ مفرور تھے اور ان کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔انھیں بعد میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور اب سوموار کو انھیں بھی پھانسی کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق مدعاعلیہان نے قاہرہ کے علاقہ کرادسہ میں 14 اگست 2013ء کو ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں13 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ان پر قتل ،اقدام قتل اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت مختلف الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
قاہرہ کی جس عدالت نے کالعدم اخوان المسلمون کے ان کارکنان کے خلاف سزائے موت کے فیصلے سنائے ہیں،اس کے سربراہ جج محمد ناجی شہاتہ ہیں۔ان جج صاحب نے اخوان اور دوسری جماعتوں کے ہزاروں کارکنان کو تھوک کے حساب سے موت اور قید وبند کی سزائیں سنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -