اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجا ئے ،شہباز شریف

اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ...

 لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام حکومت کا ایک مستحسن اقدام ہے اور یہ کمیشن دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔عوام کی آگاہی کیلئے بیرون ممالک روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیز اپنے مسائل کے حل کیلئے اس ادارے سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔وہ یہاں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب افضال بھٹی نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ایک موثر ادارہ ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کیلئے بنایا گیا ہے۔ میں ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ خواہ وہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہتا ہو، اگر اس کا مسئلہ پنجاب میں ہے تو اس کے حل کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ویڈیو لنک ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کرے۔ اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب افضال بھٹی نے کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک دیار غیر میں بسنے والے بہت سے پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کرکے انہیں ریلیف دیا گیا۔ بیرون ممالک میں روڈ شوز کے انعقاد کیلئے بھی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی، وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن خالد شاہین بٹ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے کونسلرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر نومنتخب کونسلرز کو مبارکباد دی۔ خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک، یاسین سوہل اور میاں نصیر احمد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نومنتخب کونسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شاندار کامیابی مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا ثمر ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں فتح حاصل کی ہے۔ بے وقت کے دھرنوں نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ عوام نے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور صرف محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے۔ ٹیم کے طور پر آگے بڑھیں، دن رات محنت کریں، انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی انتھک محنت سے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔ شہباز شریف دن رات پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ایم این اے پرویز ملک نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں کامیابی کا کریڈٹ پارٹی قیادت کو جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چین کی معروف توانائی کمپنی کے چیئرمین چنگ زن (Mr. Zhang Xin)کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے منصوبوں خصوصاً سولر پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا شمسی بجلی گھر مکمل کیا ہے۔ شمسی بجلی گھر سورج کی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کا منفرد منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یہ منصوبہ اپنے وسائل سے لگایا ہے۔ چین کے تعاون سے قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 900 میگاواٹ بجلی کے حصول کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چین کے قونصل جنرل یو بورن (Mr.Yu Boren) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات اور چین کی جانب سے46 ارب ڈالر کے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماداور مخلص دوست ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں پاک چین تعلقات کے نئے باب کھلے ہیں۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 46 ارب ڈالر کے معاہدے تاریخ ساز ہیں اور چین نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق نبھایا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...