این اے 125میں ری پولنگ کے فیصلے پرپی ٹی آئی کا جشن

این اے 125میں ری پولنگ کے فیصلے پرپی ٹی آئی کا جشن

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 125میں ری پولنگ کا فیصلہ آتے ہی جشن منانے کا سلسلہ شروع کردیا اور بالخصو ص اسی حلقہ کے مختلف مقامات صدر بازار ‘ لالک چوک ‘ ڈیفنس اور کنٹونمٹ بورڈ کے مختلف حلقوں میں پی ٹی آئی کے مقامی راہنماؤں نے جشن منایا ڈھول کی تھاپ پر رقص کئے ‘ گو نواز گو اور آئی آئی پی ٹی آئی کے فلک شگاف نعرے لگائے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے این اے 125کی دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگلی باری سپیکر ایاز صاد ق کی ہے جنہیں اسی طرح گھر واپس جانا ہوگا جھوٹ اور دھاندلی کو زیادہ دیر چھپایا نہیں جا سکتا ثابت ہو گیا عمران خان کا موقف درست تھا اور 2سال تک پردہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کوشرمندگی کاسامنا کرنا پڑا ہے اب وزراء اور سپیکر کو تنخواہیں اورالاؤنس بھی واپس کرنا ہوں گے ۔ اس فیصلے کے بعد عبدالعلیم خان نے لاہور آفس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر پارٹی ورکر کی کامیابی ہے ہم ایک با رپھر 2013کے نتائج کو غلط ثابت کریں گے سعد رفیق واپس آکر الیکشن لڑیں لگ پتہ جائے گا ۔ دریں اثناء لاہور کے نائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کا دور ختم ہو چکا عنقریب ملک میں خلقِ خدا حکمرانی کرے گی ۔ تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کا اصل چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکاہے رانا ثناء اللہ وزارت قانون کا عہدہ کھونے کے بعد دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر نبیلہ طارق پرویز نے کہا کہ بالآخر سچائی کی جیت ہوئی ہے اور عمران خان کا دعویٰ سچ ثابت ہو گیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...