ووٹ کی پرچی میں بڑی قوت ہے ،ملک میں انصاف ہو گا تو ترقی ہو گی ،سراج الحق

ووٹ کی پرچی میں بڑی قوت ہے ،ملک میں انصاف ہو گا تو ترقی ہو گی ،سراج الحق

 لاہور(اے این این )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ انصاف و ترقی ہمارا سلوگن ہے۔ ملک میں انصاف ہوگا تو ترقی ہوگی۔ ظلم و استحصال پر مبنی نظام پر کاری ضرب لگانے کے لئے عوام جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں۔ ووٹ کی پرچی میں بہت قوت ہے، جسے سوچ سمجھ کر استعمال کرکے عوام ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ یورپ اورامریکہ میں حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی مسلسل اشاعت ناقابل برداشت ہے۔مسلمان ناموس رسالت ؐ پر کٹ مرنے کوتیار ہیں۔ جماعت اسلامی برسرا قتدار آکر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا د ے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے 95دیر پائین میں ڈونڈوں، درنگال اور دیگر مقامات پر جماعت اسلامی کے نامزد اُمیدوار اعزاز الملک افکار کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں مظلوم ، غریب اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سٹیٹس کو کی قوتوں کا زور توڑنے کے لئے ملک بھر کے غریب اور مظلوم عوام کو منظم کرکے ایک عظیم الشان عوامی تحریک برپا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابی نظام کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام کو صاف و شفاف بنانے کے لئے مضبوط و بااختیار الیکشن کمیشن ، اغلاط سے پاک انتخابی فہرستیں ، غیر جانبدار اور تربیت یافتہ انتخابی عملہ کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کو یقین ہوگا کہ کوئی ان کے مینڈیٹ کو چوری نہیں کرسکتا اور کوئی بھی قوت انتخابی نتائج پر اثر انداز نہیں ہو سکتی تو عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد بڑھے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...