ایم کیو ایم قیادت کابیان کسی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں،شرجیل

ایم کیو ایم قیادت کابیان کسی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں،شرجیل

کراچی (آن لائن ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چند روز قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )کی قیادت کی جانب سے ایک بیان آیا تھا ، جس میں بہت سی باتیں ایسی تھیں ، جو کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہیں ۔ پاک فوج ، ملک اور مختلف صوبوں کے عوام کے بارے میں اس بیان میں دیئے گئے ریمارکس قابل اعتراض تھے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں بیان دے رہے تھے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت نے دوسرے دن اس بیان کی وضاحت کی اور اپنی باتوں کا اعتراف کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر معافی مانگ لی ۔ یہ ایک اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور دیگر لوگوں نے بھی اس معافی کو سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ،افواج اور ہمارے سب ادارے قابل احترام ہیں ۔ مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پولیس ، رینجرز ، ایف سی اور دیگر فورسز بھی جس طریقے سے ملک ، عوام اور سرحدوں کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ، اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام کرنا سب کا فرض ہے ۔ گفتگو میں احتیاط کو ملحوظ رکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کی قیادت کے بیان کی مذمت کرتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی اچھا اقدام ہے کہ انہوں نے اپنے بیان کا احساس کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔ شرجیل میمن

مزید : صفحہ آخر


loading...