’’ہیلو چائنا!نریندر مودی نے چینی ٹویٹر ویب سائٹ ’’وائیبو‘‘ پر بھی اکاؤنٹ بنالیا
نئی دلی (نیوز ڈیسک) چینی صدر کے کامیاب دورۂ پاکستان کے بعد بھارت کو شدید تشویش لاحق ہوگئی ہے اور اب بھارتی حکام چین کے زیادہ سے زیادہ قریب ہونے کے جتن کرتے نظر آتے ہیں۔بھارتی وزیراعظم چین کا دورہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں اور اس دورے سے پہلے انہوں نے چین سے مزید قریب ہونے کی ایک دلچسپ کوشش میں چینی ٹویٹر کہلانے والی ویب سائٹ ’’وائیبو‘‘ پر بھی اکاؤنٹ بنالیا ہے۔ انہوں نے نئے اکاؤنٹ کا آغاز ان الفاظ سے کیا، ’’ہیلو چائنا! چینی دوستوں کے ساتھ وائیبو کے ذریعے میل جول کے لئے منتظر ہوں۔‘‘ بھارتی وزیراعظم چندہفتے بعد چین کا دورہ کرنے والے ہیں اور ان کا وائیبو کو جوائن کرنا اور بھارتی حکومت کے دیگر ایسے اقدامات اس مہم کا حصہ ہیں جو بھارت چین کے قریب ہونے اور اسے خوش کرنے کے لئے چلا رہا ہے۔ وزیراعطم نریندر مودی کے چین کے دورے کو کامیاب بنانے کے لئے سخت تگ و دو کی جارہی ہے اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے کے دوران بھارت چین کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کرنے میں کامیاب ہوسکے گا۔