غازی آبادی پولیس نے متعدد وارداتوں میں ملوث 2 خطر ناک ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا

غازی آبادی پولیس نے متعدد وارداتوں میں ملوث 2 خطر ناک ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا

لاہور( کرائم سیل) ایس ایچ او غازی آباد انسپکٹر محمد عتیق ڈوگر کی ٹیم نے ڈکیتی اور راہزنی کی دو درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضہ سے بھاری نقدی ، دو موبائل ٹیلی فون، ایک موٹر سائیکل اور جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہر میں ڈکیتی اور راہزنی کے دوران شہریوں کو دن دیہاڑے لوٹنے والے ڈاکوؤں کے خطرناک گروہوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنے کے لئے ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کو خصوصی احکامات دئیے جس پر ڈی آئی جی آپریشن نے ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھر سمیت شہر کے تمام ایس پیز سے ایک خصوصی میٹنگ کی جس میں ڈکیتی اور راہزنی ، بالخصوص سٹریٹ کرائم کی روک تھام اور وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹارگٹ دئیے گئے جس پر ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھر نے ڈی ایس پی شمالی چھاؤنی منصور الحسن کی نگرانی میں ایس ایچ او غازی آباد انسپکٹر محمد عتیق ڈوگر اور ان کی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر محمد خالد، اے ایس آئی محمد فریاد، ہیڈکانسٹیبل محمد وقار اور محمد عاطف، ندیم شاہ، محمد محسن پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے شب و روز کاوشوں کے بعد دو خطرناک ڈاکوؤں محمدنواز اور امجد علی کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈکیتی کی ایک واردات کر کے فرار ہو رہے تھے۔ گرفتار ڈاکوؤں کے بارے میں ابتدائی تفتیش میں یہ انکشافات سامنے آئے ہیں کہ ان کا تعلق مختلف بین الاضلاعی ڈکیت گینگزکے ساتھ بھی ہے جبکہ ملزمان نے کینٹ ڈویژن کے تھانوں باغبانپورہ، شمالی چھاؤنی، غازی آباد، مصطفی آباد، ڈیفنس ،فیکٹری ایریا، کوٹ لکھپت سمیت شہر کے دیگر 10 تھانوں کے علاقوں میں متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ اس کے علاوہ گرفتار ڈاکوؤں نے دیگر شہریوں میں بھی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھر کے مطابق ڈاکوؤں کے اس خطرناک گروہ کے ارکان کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ ڈی آئی جی آپریشن نے ایس ایچ او غازی آباد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو زبردست سراہا ہے۔

مزید : علاقائی


loading...