کام کرنے دیا جائے، ملک کی روشنیاں واپس لوٹائیں گے: وزیراعظم نواز شریف

کام کرنے دیا جائے، ملک کی روشنیاں واپس لوٹائیں گے: وزیراعظم نواز شریف
کام کرنے دیا جائے، ملک کی روشنیاں واپس لوٹائیں گے: وزیراعظم نواز شریف

  


بہاولپور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے 2018ءتک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے عزم کے ساتھ پاکستان کے پہلے شمسی بجلی گھرکا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے اندھیروں کو دور کرنا ان کی حکومت کا مقصد ہے۔ ملک میں روشنیاں لانے کے لیے بڑے منصوبوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، انشاءاللہ 2018ءتک ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو کام کرنے دیا جائے، حکومت پر تنقید کے ساتھ ساتھ اس کے اچھے کاموں کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔ ماضی میں سیاسی حکومتوں نے بہت کم کارکردگی دکھائی، تاریخ میں پہلی بار کسی جمہوری حکومت کو موقع ملا ہے اور وہ ڈلیور کر رہی ہے۔ ہمارے منصوبوں کو عالمی میڈیا میں بھی سراہا جا رہا ہے۔ قائداعظم سولر انرجی پارک دنیا کا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ایک سال قبل اس جگہ آیا تھا تو یہاں دھول مٹی تھی، آج بجلی کا بہت بڑا منصوبہ لگ چکا ہے،دعا ہے کہ اللہ ہمیں نظر بد سے بچائے۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کے تعاون سے شروع کیے گئے بجلی کے ہرمنصوبے کو دیکھنے خود جاﺅں گا، انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کو مانیٹر کرنے کے لیے پاکستان اور چین ایک سپیشل کمیٹی بنائیں گے جس سے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے گی۔ایل این جی سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی بجلی کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی اورجلد ہی مزید 5.79روپے فی یونٹ سستی کریں گے۔انہوں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ حکومت نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن کے نتائج سب کے سامنے ہیں، کراچی سے بھتہ خوری کا عملاً خاتمہ ہو چکا ہے، کراچی کے عوام گواہی دیں گے کہ اب شہر کے حالات پہلے کی نسبت کافی بہتر ہیں، جرائم بہت حد تک کم ہو چکے ہیں،  اب کراچی کے سیاسی حالات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، انشاءاللہ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنے گا۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...