احمد نے بولنے پر مجبورکردیا، علیحدگی کامعاہدہ طے پاچکاہے ، مقصد میڈیا اور مداحوں کیلئے وضاحت کرناتھا: حمیراارشد

احمد نے بولنے پر مجبورکردیا، علیحدگی کامعاہدہ طے پاچکاہے ، مقصد میڈیا اور ...
احمد نے بولنے پر مجبورکردیا، علیحدگی کامعاہدہ طے پاچکاہے ، مقصد میڈیا اور مداحوں کیلئے وضاحت کرناتھا: حمیراارشد

  


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)’ میں نئیں بولدی ، میرے وچ میرایاربولدا‘گانے سے شہرت حاصل کرنیوالی گلوکارہ حمیراارشد نے کہاکہ احمد کیساتھ باہمی علیحدگی کا معاہدہ طے پاچکاہے ، پسند کی شادی کی تھی ،تین دن تک تشدد کا نشانہ بنتی رہیں ، وہ گھر کی لڑائی باہر نہیں لانا چاہتی تھیں لیکن احمد بٹ کے الزامات کے بعد وہ وضاحت دینے پر مجبور ہوگئیں ۔

پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حمیراارشدکاکہناتھاکہ اپنے خاوند کے ساتھ 12سال گزارے اور دوسال قبل لڑائی کی شروعات ہوئیں ، علیحدگی کا معاہدہ پڑھ کر سناتے ہوئے حمیراارشد کاکہناتھاکہ اُنہوں نے احمد سے کوئی گاڑی نہیں چھینی البتہ احمد ہی اُن کے پیسوں سے گاڑی خرید کرگھرلایاتھا اور شوروم کی رسید اُسی کے نام پر بنی ۔مجھے امریکی شہریت کی بھی ضرورت نہیں ، بیٹا ہونے سے پہلے بھی امریکہ جاتی تھی ، یہ ایک اتفاق سمجھ لیجئے کہ جن دنوں بچے کی پیدائش تھی ، اُن دنوں شو کے سلسلے میں امریکہ میں ہی موجود تھی ، آج کل تو چوروں ڈاکوﺅں کو شہریت مل جاتی ہے ، وہ اپنے پاکستان سے محبت کرتی ہیں ۔

حمیراارشدکاکہناتھاکہ احمد سے کوئی تین کروڑ روپے نہیں لیے، اگر وہ ایک لاکھ روپے بھی ثابت کردیں تو یہ تین کروڑ دینے کو تیار ہیں ، شادی کے بعد دونوں کے پاس کچھ نہیں تھا، احمد نے 12سال میں کونسی 20فلمیں کی ہیں ؟فلم انڈسٹری کا آپ کو بخوبی اندازہ ہے اور کبھی آپ نے احمد کی دوفلمیں بھی دیکھی ہیں تو بتائیں ۔ وہ بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرسکتی ہیں اور گاڑی کیلئے دیئے گئے پونے 22لاکھ روپے کے چیک کی کاپی بھی دکھادی ۔اُنہوں نے بتایاکہ ایک پلازہ کی وہ مالکن ہیں لیکن وہ اکیلی نہیں ، شاید لوگ پارٹنر ہیں اور اس وقت پلازہ کہیں تین کروڑ روپے میں خریداگیاتھا جس کے ٹیکس سمیت تمام دستاویزات موجود ہیں ۔

احمد ایک طرف کہتاہے کہ اُس کی جان کو خطر ہ ہے تو دوسری طرف کہتاہے کہ وہ گھر بساناچاہتاہے ، اگر کسی سے خطرہ ہوتو اس سے جان چھڑائی جاتی ہے یا گھر لے آتے ہیں ؟ احمد نے اُنہیں قتل کرنے اور منہ پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دیں ، بچے کو سکول سے اُٹھا کر لے گیا جس پر اُنہوں نے کہاکہ ہم میاں بیوی کی لڑائی ہے ، بچے کو کیوں تنگ کرتے ہیں ،اس نے چاردن بچے کو مجھ سے دوررکھاجو ایک لمحہ بھی اکیلا برداشت نہیں کرتااوراِسی کے ساتھ رونے لگ گئیں ۔

ایک سوال کے جواب میں گلوکارہ کاکہناتھاکہ وہ مجبور ہوکر یہاں تک آئی ہیں ، کچھ بھی نہیں چاہتیں ، احمد نے ماراپیٹا جس کا پورامحلہ گواہ ہے ، تین دن تک قید رکھا اور نوکروں کو بھی پاس آنے کی اجازت نہیں تھی جس کے بعد علیحدگی ہوئی اور یہ 18تاریخ کی بات ہے ۔ اُن کاکہناتھاکہ وہ مجبور ہوکر یہاں تک آئی ہیں کیونکہ اُنہوں نے میڈیا سمیت دنیا بھر میں آنا جاناہوتاہے ، وہ الزامات کاجواب دینے آئی ہیں ۔اُنہوں نے واضح کیاکہ اُن کامعاہدہ سخی سرورسے نہیں بلکہ علی عیسیٰ اینڈ کمپنی کے ساتھ ہے جو میوزک اور دیگر شوبز کے پروگرام کا انعقاد کراتی ہے ، وہ شہباز شریف سے اپیل کرتی ہیں کہ اُن کی جان کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔

مزید : تفریح


loading...