ہائی کورٹ :شریف فیملی کی چودھری شوگر ملز کو 2کروڑ 6لاکھ روپے مارکیٹ کمیٹی فیس ادا کرنے کا حکم
لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے شریف فیملی کی ملکیت چودھری شوگر ملزکو 2 کروڑ 6لاکھ 52ہزارروپے مارکیٹ کمیٹی فیس ادا کرنے کا حکم دے دیاہے ۔مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے یہ حکم چودھری شوگر ملز کی 8سال پرانی درخواست نمٹاتے ہوئے جاری کیا ،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی گوجرہ نے فیس ادا کرنے کے باوجود 2007ءمیں 2کروڑ 6 لاکھ 52ہزار روپے مارکیٹ فیس ادا کرنے کا نوٹس بھجوایا اور فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں 11گنا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ،جو کہ آئین کے آرٹیکل 3اور 8کی خلاف ورزی ہے ،ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی گوجرہ کا نوٹس کالعدم کیا جائے، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مارکیٹ کمیٹی نے درخواست گزار کو 1992ءسے 2001ءتک مارکیٹ کمیٹی کی مقرر کردہ فیس سے کم ادائیگی اور حقائق کے برعکس بزنس رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے پنجاب ایگری کلچر پروڈیوس مارکیٹس رولز اور آرڈیننس کی دفعات 32، 36، 38، اور 56 کے تحت 2 کروڑ 6 لاکھ 52 ہزار روپے کے علاوہ 11گنا جرمانہ بھی وصول کرنے کا نوٹس بھجوایا گیا ،درخواست خارج کی جائے اور مارکیٹ فیس 11گنا جرمانے سمیت ادا کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے تفصیلی دلائل سننے اور فریقین کی باہمی رضا مندی کے بعد درخواست گزار چودھری شوگر ملز کو 2001ءمیں بھجوائے گئے 2 کروڑ 6لاکھ 52 ہزار روپے ادا کرنے کاحکم دے دیا ہے جبکہ11گنا جرمانہ کی ادائیگی کا معاملہ مجاز حکام کو بھجوا دیا گیا ہے ۔