سندھ کے سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے کاوشیں شروع کردیں
بدین (ویب ڈیسک) سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے نواز لیگ میں شمولیت کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں اور اس سلسلے میں کراچی میں ایک ہفتے کے دوران انہوں نے چوہدری نثار سمیت وفاقی کابینہ کے اہم ارکان سے دو ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے پیپلزپارٹی میں واپسی کے دروازے پر اسماعیل راہو نے پیپلزپارٹی میں شامل ہوکر تالا لگادیا۔ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بہت پہلے ہی کرچکے تھے، لیکن اپنی اہلیہ کی خواہش پر پیپلزپارٹی میں و اپسی کے ہر ممکن جتن کرنے کے باوجود بھی بات نہ بننے پر اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے اب عملی طور پر میدان میں آنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں وہ بھی پیپلزپارٹی کیلئے سندھ میں میدان کھلا چھوڑنا نہیں چاہتے۔ وفاقی کابینہ کے اہم وزرا اور چوہدری نثار کی جانب سے کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے دوسری ملاقات کی گئی۔
روزنامہ امت کے ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں مرزا فیملی کے تحفظات دور کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سندھ میں فری ہینڈ دینے پر بھی غور کیا گیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے اپنے خاص رفقا کو اعتماد میں لینے کیلئے مرزا فارم بدین پر 3مئی کو بلائی گئی میٹنگ چند روز کے لئے موخر کی گئی ہے، کیونکہ ابھی ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو اپنی اہلیہ کو بھی اعتماد میں لینا ہے جو کہ اس وقت غیر ملکی دورے پر ہیں۔ذرائع کے مطابق اگر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا مسلم لیگ ن میں فل سپورٹ اور اختیارات کے شامل ہوتے ہیں تو آئندہ انتخابت میں پیپلزپارٹی کیلئے سندھ کو فتح کرنا ایک چیلنج بن جائے گا۔