نااہل لیگ بمقابلہ خلائی مخلوق !!!

نااہل لیگ بمقابلہ خلائی مخلوق !!!
نااہل لیگ بمقابلہ خلائی مخلوق !!!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نااہل اعظم نواز شریف فرماتے ہیں کہ ان کا اور ان کی جماعت کا مقابلہ عمران خان یا آصف زرداری سے نہیں بلکہ کچھ پوشیدہ قوتوں سے ہے۔ اب کیا ہم یہ سمجھ لیں کہ نواز شریف کسی خلائی مخلوق کے خلاف اگلے عام انتخابات لڑنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ؟ تھوڑا سا غوروفکر کیا جائے تو نواز شریف کے اس انتخابی بیانیے کی تلخ حقیقت بالکل عیاں ہوجاتی ہے۔ نواز شریف اپنی گزشتہ کئی تقاریر میں عدلیہ مخالف انتخابی بیانیے کی تشہیر کرچکے ہیں۔ بقول نواز شریف ووٹ کی طاقت ہی موصوف کو واپس برسراقتدار لاسکتی ہے۔ لہٰذا ن لیگ کے لیے اتنے ووٹوں کی فرمائش کر ڈالی کہ ان کی مدد سے آنے والی اگلی پارلیمان عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دے۔ اللہ نہ کرے کہ پاکستان کے عوام کا سیاسی شعور اتنا ناپختہ نکلے کہ وہ نواز شریف کی یہ فرمائش پوری کرنے کے لیے آمادہ ہوجائیں۔ آج نواز شریف نے عدلیہ مخالف انتخابی بیانیے سے بھی مہلک انتخابی بیانیہ پیش کیا ہے۔ نواز شریف میں اگر واقعی اتنی ہمت اور خود اعتمادی ہے تو کھل کر افواج پاکستان اور آئی ایس آئی کانام لیں۔ مگر وہ اور ان کی صاحبزادی اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ قوم قومی سلامتی کے محافظوں کے خلاف کبھی اعلان بغاوت نہیں کرے گی اور ایسی کوئی کاوش کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان اب بنگلہ دیش کے دور میں نہیں جی رہا ۔یہ ہی وجہ ہے کہ نواز شریف ان پوشیدہ قوتوں کا عوام کے سامنے نام لینے کی جرات نہیں کرسکے۔ تاہم شریف خاندان کے عزائم اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔ پوری قوم نوازشریف کی بھارت نوازی کے متعلق پہلے سے آگاہ ہوچکی ہے۔ اب بھارت نواز شریف بچاؤ مہم شروع کر چکا ہے۔
نواز شریف کے حالیہ دورہ لندن کے متعلق بھی متعدد شکوک وشبہات کا اظہار کیاگیا تھا۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے مبینہ طور پر نواز شریف کو برسراقتدار لانے کیلیے بھاری سرمایہ کاری کی ہے تاکہ نواز شریف پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرے , اور آئی ایس آئی کو ختم کرکے افواج پاکستان پر اپنی گرفت مضبوط کرکے کمزور کرسکے۔ اگریہ بات درست ہے تویہ صاف ظاہر ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے میں تو کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اگر ففتھ جنریشن وار تھیوری پر غور کیا جائے تو غالباً دشمن ملک کی معیشت تباہ کرنا اور سودی قرضوں میں جکڑنا ایک مہلک ترین حربہ ہے۔ معاشی طور پر دیوالیہ ملک کو جنگ کے بغیر ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح آئی ایس آئی پر کنٹرول کیلیے بھی نواز شریف حکومت نے ایڑی چوٹی کازور لگایا تاکہ سویلین مداخلت بڑھا کر آئی ایس آئی میں من پسند تبدیلیوں کی راہ ہموار کی جا سکے مگر یہ کوشش ناکام رہی۔ یوں شریف حکومت فوج پر کنٹرول حاصل کرنے کا مشن پورا نہ کرسکی۔ اب عین ممکن ہے کہ مبینہ پلان میں ردوبدل کردیا گیا ہو, یعنی فوج پر کنٹرول حاصل نہ ہوسکنے کا بدلہ لینے کیلیے نوازشریف اب عوام کے دلوں میں نفرت کے بیج بونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافے اور سودی قرضوں کے حجم میں حالیہ غیر معمولی اضافے نے باشعور عوام کے کیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ لیگی حکومت دانستہ ملک کو معاشی دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا چکی ہے۔ نوازشریف جیل جانے سے پہلے ہی قومی سلامتی کے محافظوں کے خلاف عوام کو ورغلانے کی مہم شروع کر چکے ہیں۔ نواز شریف کے جیل جاتے ہی لیگی کارکنوں کے اشتعال کا رخ اعلیٰ عدلیہ اور قومی سلامتی کے محافظوں کی طرف موڑنے کی تیاری کی جا رھی ہے۔ ان کے عزائم اب بے نقاب ہو چکے ہیں۔ محب وطن پاکستانیوں کی قومی ذمہ داری بن چکی ہے کہ عدلیہ اور فوج مخالف انتخابی بیانیے کو شکست دیں۔ پاکستانی عوام سے اپیل ہے کہ اپنے ووٹ کی طاقت سے سقوط ڈھاکہ جیسی صورتحال پیدا کرنے کی اس مذموم سازش کو ناکام بنادیں۔ رائے ونڈ کا زخمی شیر اپنی سلطنت چھن جانے کا بدلہ اب پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ 

۔۔

 نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں,ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -