پٹرول مہنگا کرنا عوام پر ڈرون حملے کے مترادف ہے،شاہ اویس نورانی
لاہور( نمائندہ خصوصی )جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ عید کے بعد حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا۔ حکومت کا ہر نیا دن عوام کے لئے نیا عذاب لے کر طلوع ہوتا ہے۔ پچھلے آٹھ ماہ میں عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ نواز شریف کی بیرون ملک علاج کی درخواست مسترد ہونا افسوسناک ہے۔
وزیراعظم کے غیر لچکدار رویہ نے اپوزیشن کو میدان میں نکلنے کا موقع دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے آٹھ ماہ کے اقتدار میں 11 لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں منتخب بلدیاتی ادارے ختم کرنا آمرانہ عمل ہے۔ مدارس کے نظام میں مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔ صدارتی نظام ملکی مسائل کا حل نہیں۔ کم عمر شادی پر پابندی کا بل اسلامی نظریاتی کونسل میں بھیجا جائے۔ پی ٹی آئی کی ریمورٹ کنٹرول حکومت ملکی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ صدارتی نظام لانے کی سازشیں بند نہ ہوئیں تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صدارتی نہیں پارلیمانی نظام میں ہے۔ پی ٹی آئی کا نیا بلدیاتی نظام ناقابل قبول ہے۔ وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں نہ آنا غیر جمہوری طرز عمل ہے۔ بجٹ کے بعد حکومت کا ڈا¶ن فال شروع ہو جائے گا۔ آپس میں لڑنے والے وزراءنے حکومتی امور کو بچوں کا کھیل بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے مایوس ہو چکے ہیں۔ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔