تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ضروری ہے، سربراہ سعودی وفد

تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ضروری ہے، سربراہ سعودی وفد

  

لاہور ( این این آئی)چار رکنی سعودی وفد کے سربراہ انجینئر سلطان بن مہدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستانی تاجروں کے درمیان مستحکم روابط اور تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصراور فہیم الرحمن سہگل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔توقیر ایچ شیرازی، لیاقت علی شیر، انور انجم، اویس سعید پراچہ، نسیم الغنی اور معظم رشید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انجینئر سلطان بن مہدی نے کہا کہ برادرانہ و دوستانہ تعلقات کو تجارت کے فروغ کے لیے بھی استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا اپنا ملک ہے، اس کا مستقبل بہت روشن ہے ، سی پیک جیسے منصوبوں نے اس کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے ، پاکستان کی ترقی مسلم امہ کی ترقی ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کی پوٹینشل بہت زیادہ ہے، دونوں ممالک تجارت کو وسعت دینے کے لیے نئے شعبوں پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جو سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مضبوط رابطے دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، اس سلسلے میں پاکستان میں سعودی سفارتخانے کا کردار بہت اہم ہے

مزید :

کامرس -