سندھ حکومت نے گندم کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا،محمد اسماعیل راہو 

سندھ حکومت نے گندم کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا،محمد اسماعیل راہو 

کراچی (اکنامک رپورٹر)سندھ حکومت کے وزیر برائے رسد و قیمت محمداسماعیل راہو نے آٹے کی قیمت میں اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے آٹے کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف بیورو سپلائی پرائسز کے افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو کریک ڈاﺅن کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ کے دارا لحکومت کراچی سمیت کسی بھی شہر میں آٹا مہنگا فروخت ہونے پر پرائسز کنٹرول کے افسران کارروائی کریں،سندھ میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کر سکتے۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ فلور ملز ایسو سی ایشن والوں کو ان کی مرضی سے آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ حکومت نے فی الحال گندم کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔وزیر برائے رسد و قیمت نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 15 روپے اضافہ کرنا قابل مذمت ہے،فلور ملز ایسو سی ایشن والے آئیں سندھ حکومت بات کرنے کوتیار ہے، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار کٹھ پتلی وفاقی حکومت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکو متیں رمضان میں عوام کو ریلیف دیتی ہیں پریہاں تو مہنگائی کے بم گرنا شروع ہوگئے ہیں، ملک میں خان صاحب نے اتنی مہنگائی کردی ہے کہ اب ان کی حکومت کا چلنا مشکل ہوگیا ہے۔

مزید : کامرس