3روزہ کارپٹ کی عالمی نمائش ستمبر میںمنعقد ہو گی

3روزہ کارپٹ کی عالمی نمائش ستمبر میںمنعقد ہو گی

  

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 37ویں عالمی نمائش رواںسال 26سے 28ستمبر تک لاہور میں منعقد ہو گی جس میں مختلف ممالک سے خریدار وں اور مندوبین کو مدعو کیا جائے گا ، قوی امید ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر متعلقہ ادارے نمائش کی کامیابی کےلئے امسال بھی اپنا بھرپور تعاون پیش کریں گے جس سے انڈسٹری کو عروج حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی عبد اللطیف ملک، ریاض احمد، سعید خان، میجر (ر) اختر نذیر ،اکبر ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں نمائش کی بھرپور کامیابی کےلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ عالمی نمائش کی کامیابی کےلئے کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریاں نبھائیں ۔ نمائش کی کامیابی کےلئے غیر ملکی خریداروں اور مندوبین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا اور ا س حوالے سے جلد باضابطہ رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ چین سے طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے سے بھرپور استفادہ کرنے کےلئے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں کارپٹ کی عالمی نمائش کےلئے اس تناظر میں منصوبہ بندی کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کارپٹ انڈسٹری کے نمائندوں پر زور دیا کہ غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کےلئے ویلیو ایڈڈ اور جدید ڈیزائن سے مزین مصنوعات ڈسپلے کی جائیں جس سے یقینی طور پر اچھے برآمدی آڈر ملیں گے جس سے مشکلات کا شکار انڈسٹری کو بھی تقویت ملے گی ۔

اجلاس کے شرکاءنے نمائش کی کامیابی کے لئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں ۔

مزید :

کامرس -