صوبوں نے آئی ایم ایف کو نئے مالیاتی فریم ورک حاصل کرنے کی یقین دہانی کرادی

صوبوں نے آئی ایم ایف کو نئے مالیاتی فریم ورک حاصل کرنے کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صوبوں نے آئی ایم ایف کو فنڈ کے نئے مالیاتی فریم ورک کو حاصل کر نے کی یقین دہانی کرادی ۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ،پنجاب خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے وزراءخزانہ نے آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کی ۔اجلاس میں ملک کی مالیاتی صورتحال اور آئی ایم ایف کے ساتھ زیر غور پروگرام پر مذاکرات ہوئے ۔اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف کو بتایا گیا کہ مرکز اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مالیاتی معاملات پر مستقل غور کیا جاتا ہے ۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ قومی مالیاتی کمیشن اور مالیاتی رابطہ کمیٹی کے ذریعے مرکز اور صوبائی حکام کے درمیان مستقل رابطہ رہتا ہے ۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبوں نے مالیاتی وسائل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی ۔اعلامیہ کے مطابق صوبوں نے محاصل جمع کرنے میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے ۔دوسری جانب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بجٹ خسارے کا اثر وفاق اور صوبوں پر پڑتا ہے،۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں انہیں آگے لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے صوبوں اور وفاق حکومت کے حکام نے ملاقات کی ہے، صوبوں نے اپنی تجاویز دی ہیں۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں معاشی اعداد و شمار دیے گئے، ٹیکس وصولیاں بڑھانے پر آئی ایم ایف سے بات ہوئی۔ تجاویز پر آئندہ بجٹ میں غور کیا جائے گا۔

حفیظ شیخ

مزید : صفحہ اول