گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ بل 2019پر دستخط کردیئے،عوام کے ایک ایک پیسے کا تحفظ اور احتساب یقینی بنائینگے،چودھری سرور
لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے پنجاب اسمبلی کے منظورشدہ لوکل گور نمنٹ بل 2019پر دستخط کر دیئے جبکہ گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کے ایک ایک پیسے کا تحفظ اور احتساب بھی یقینی بنایا جائیگا‘ عوامی سطح پر پائیدار سروس ڈیلیوری کو یقینی بناناتحر یک انصاف کے منشور کا سب اہم جزو ہے‘ ماضی کی حکومتوں نے بلدیاتی نمائندوں کو برائے نام اختیارات دیئے مگر اب نئے بلدیاتی نظام کے تحت حقیقی معنوں میں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے پنجاب اسمبلی سے منظورشدہ لوکل گورنمنٹ بل2019پر دستخط کر دیئے ہیں نیا بلدیاتی نظام2 درجوں پر مشتمل ہے جس کے تحت شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ہوگی جبکہ بل پر دستخط کر نے کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایسا بلدیاتی نظام آیا ہے جس کے تحت سالانہ 40ارب روپے سے زائد بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے خرچ کیے جائیں گے یہ پیسے کہاں استعمال کر نے ہیں اس کا فیصلہ بھی بلدیاتی نمائندے خود کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو مضبوط کر رہے ہیں نئے بلدیاتی نظام میں مقامی سطح پر عوامی نمائندے صحیح معنوں میں بااختیار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی سے نہ صرف عوام مضبوط ہوں گے بلکہ ملک میں جمہوریت بھی مزید مضبوط ہوگی۔
گور نر پنجاب/دستخط