ہوم گراﺅنڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے: بین سٹوکس

ہوم گراﺅنڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے: بین سٹوکس

  

لندن ( آن لائن )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر بین سٹوکس نے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس ہوم گراﺅنڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا۔انگلینڈ نے رواں سال ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کی میزبانی کرنی ہے۔ سٹوکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم کئی بار آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز جیت چکی لیکن ہمارے پاس ورلڈ کپ ٹائٹل کی کمی ہے اسلئے میرے خیال میں ورلڈ کپ جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہو گا، اگر زندگی اور موت کا معاملہ ہو اور مجھے دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو میں یقینی طور پر ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کرنا چاہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس اپنی سرزمین پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔ میگا ایونٹ کے بعد ایشز سیریز کے بارے سوچیں گے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو گا۔

اور انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -