شیخ رشید،تیمور جھگڑا ملاقات،ریلوے اراضی پر پارکس بنانے پر اتفاق

شیخ رشید،تیمور جھگڑا ملاقات،ریلوے اراضی پر پارکس بنانے پر اتفاق

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں وزراء کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت خیبر پختونخوا میں پاکستان ریلوے کی خدمات اور مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑانے خیبر پختونخوامیں سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لئے ریلوے کی اہمیت کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں ریلوے کو تاریخی حیثیت حاصل رہی ہے،انہوں نے کہا کہ انگریز دور میں تعمیر ہونے والی طورخم تا پشاور ریلوے لائن کی تاریخ ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط ہے جس کی تعمیر نو اور بحالی سے نہ صرف اس خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مستقبل میں افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے علاوہ علاقے کی معاشی ترقی میں بھی اس کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے،اس سلسلے میں پشاور سے تخت بھائی اور اٹک خورد کے لئے سفاری ٹرین سروس کا اجراء کیا گیا ہے جبکہ پشاور تا طورخم ریلوے لائن کی بحالی کے لئے بھی صوبائی حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔صوبائی وزیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ صوبائی حکومت ریلوے کی اراضی کوپارکس تعمیر کرنے کے لئے استعمال میں لانا چاہتی ہے جس سے نہ صرف لوگوں کو تفریح کے مواقع میسر آسکیں گے بلکہ تجاوزات کا خاتمہ اورشہرکی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے وزیر ریلوے کو پشاور کے شہریوں کے ریلوے سے متعلق ان کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود اور صوبے کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریلوے سے متعلق صوبائی حکومت کے تمام مطالبات سے اتفاق کیا اوریقین دلایا کہ پاکستان ریلوے خیبرپختونخوا میں اپنی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ طورخم تا پشاورتاریخی ریلوے لائن کی بحالی اور تعمیر پر کام کی رفتار کو تیز کرکے اس کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے صوبائی وزیر کو شہریوں کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر ریلوے کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو ایک بہترین عوامی سروس بنانے میں ان کا کی کاوشیں اور کردار قابل تعریف ہیں اور انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر نئے پاکستان کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کریں گی

مزید : صفحہ اول