کرنسی ڈیلر سے لاکھوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی چھیننے والے ملزم گرفتار

کرنسی ڈیلر سے لاکھوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی چھیننے والے ملزم گرفتار

پشاور(کامران علی ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اسلحہ کی نوک پر کرنسی ڈیلر سے لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی چھیننے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، مردان سے تعلق رکھنے والے کرنسی ڈیلر غیر ملکی کرنسی تبدیل کرنے کی خاطر صرافہ مارکیٹ پشاور آ رہا تھا کہ رنگ روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے گھیر کر اسے لوٹا تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جس کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے 17 لاکھ مالیت کے سعودی ریال برآمد کر لئے گئے، ملزم کومزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق مدعی عبد الوہاب ولد محمد صادق سکنہ مردان نے تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا تھا کہ وہ غیر ملکی کرنسی تبدیل کرانے کی خاطر صرافہ مارکیٹ پشاور آ رہا تھا کہ رنگ روڈ کے قریب چند نقاب پوش ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اس سے بھاری مالیت کے سعودی ریال چھین کر فرار ہو گئے، جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور کی سربراہی میں اے ایس پی فقیر آباد محمد شعیب اور ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ اعجاز خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرنے اور ان کے قبضہ سے چھینی گئی غیر ملکی کرنسی برآمد کرنے کا ٹاسک حوالہ کیااے ایس پی فقیر آباد محمد شعیب کی سرابراہی میں ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ اعجاز خان نے دیگر ٹیم کے ہمراہ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے، اسی طرح مدعی کے علم میں لائے بغیر مدعی کے شراکت داروں اور دیگر قریبی ساتھیوں کا ڈیٹا بھی اکھٹا کیا گیا جبکہ تفتیش کو جامع بنانے اور منطقی انجام تک پہنچانے کی خاطر حالیہ دنوں میں جیلوں سے رہا ہونے والے راہزنوں کی بھی نگرانی شروع کی جس کے دوران وقوعہ میں ملوث گروہ کو بے نقاب کر کے گزشتہ روز کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حاجی احمد عرف قاری ولد حاجی خان باز سکنہ لنڈی کوتل کو گرفتار کر لیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش کیدوران مردان سے تعلق رکھنے والے کرنسی ڈیلر سے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے لوٹنے سمیت متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا جس پر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے 17 لاکھ مالیت کے سعودی ریال برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ واردات میں استعمال ہونے والی XLI موٹر کار بھی برآمد کر لی گئی ہے، اسی طرح ملزم نے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے اے ایس پی فقیر آباد سرکل محمد شعیب کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر