پاکستان کاآئین اور قانون بہترین‘اس پر عمل ضروری ، صدر علوی

پاکستان کاآئین اور قانون بہترین‘اس پر عمل ضروری ، صدر علوی

اسلام آباد(آئی این پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسان خدا خوفی کی وجہ سے اچھے کاموں کی طرف راغب ہوتاہے ، پاکستان کا آئین اور قانون بہترین ہے ، قوموں کے نظم وضبط میں انکی ثقافت کا اہم کردارہوتا ہے ، قانون کی موجودگی کے ساتھ ساتھ اس پر عملدرآمد بھی ضروری ہے ، غربت میں اضافہ کی بڑی وجہ علاج معالجے کے اخراجات ہیں۔ ہفتہ کو انسانی حقوق کمشن کی صحت کے حوالے سے رپورٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں قانون کے اعتبار سے سوچتا تھا کہ لوگ اچھے یا برے کام کیوں کرتے ہیں تو میری سمجھ میں یہ بات آئی کے لوگ خدا خوفی کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ قیامت کے روز انکو جوابدہ ہونا پڑے گا اس لیے خدا خوفی کی وجہ سے لوگ اچھے کاموں کی طرف راغب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون ضروری ہے چاہئے وہ قرآن پاک کا قانون ہو یا پاکستان کیا آئین ۔ ملک میں آئین کا نافذ ہے اور اس میں جو ترمیم کرنا چاہیں کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانون اتنا اچھا ہے کہ اگر اس پر عمل ہوتا تو شائد اس میں ترمیم کی ضرورت ہی نہ پڑتی ۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ سماجی اور ثقافتی روایات کے ساتھ ساتھ کسی بھی معاشرے کی عکاسی میں قوموں کی روایات بھی شامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان میں سونامی کے موقع پر ایک بوتل پانی کیلئے چار ، چار سو آدمی لائن میں کھڑے ہوئے کسی نے لائن توڑی اور نہ ہی دو بوتلیں پانی کی حاصل کیں ، یہ ہے قومی روایات کی عکاسی جوقوموں کی نمائندگی کرتی ہے۔

صدر علوی

مزید : پشاورصفحہ آخر