ڈرامہ رائٹرعمیرہ احمد کاناول شائع ہونے کیلئے تیار

ڈرامہ رائٹرعمیرہ احمد کاناول شائع ہونے کیلئے تیار

لاہور(فلم رپورٹر ) پاکستان کی معروف ناول،ڈرامہ رائٹر اور سکرین نگار عمیرہ احمد کا تحریر کردہ نیا ناول” الف“ 25 اپریل کو ملک بھر میں شائع کیا جائے گا۔ الف ناول کی ابتدائی کہانی ترکی اور بقیہ پاکستان کے بارے میں ہے، جو فلم میکر مومن کے گرد گھومتی ہے یہ فلم میکر اپنے تصوراتی، سحر انگیز خیالات کو لے کر جدوجہد کر تا ہے۔ کہانی میں محبت اور خاندان کے گرد گھومتے جذبات، تصوف سے لگاﺅ کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ 2004 میں پیر کامل تحریر کرکے شہرت کی بلندی کو چھونے کے بعد عمیرہ احمد نے اپنا ایک منفرد مقام حاصل کرلیا ہے۔ ان کی متعدد تحریروں کو ڈرامائی شکل دی گئی جسے عوام نے بہت سراہا جن میں زندگی گلزار ہے سرفہرست ہے جس نے ہر نئی قسط کے ساتھ ریٹنگ کے کئی ریکارڈ توڑے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی، عمیرہ نے اپنی عمدہ تحریر کے باعث بے شمار ایوارڈ جیتے جن میں ڈرامہ سیریل ” میری ذات ذرہ بے نشاں“ کیلئے لکس اسٹائل ایوارڈ میں بہترین رائٹر بھی شامل ہے۔ عمیرہ کے نیا ناول” الف“ خریدنے کیلئے ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔

مزید : کلچر