کم عمر کی شادی، علماءکرام کا اجلا س آج ہو گا
کراچی (پ ر)18سال سے کم عمر کی شادی کے خلاف حکومتی سطح پر قانون سازی پر غور کرنے کے لیے مرکز قرآن و سنہ کی جانب سے علماءکرام کاہنگامی اجلاس ادارہ نور حق دفتر جماعت اسلامی کراچی میں اتوار5مئی کو بعد نماز ظہر 2بجے دن طلب کیا گیا ہے ۔ مدعو کردہ علماءکرام کو دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں ۔ مرکز قرآن و سنہ کے نگراں سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کم عمر کی شادی محض ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ اس کا دین کی روایات کے ساتھ گہرا تعلق ہے شادی کے بارے میں قرآن وسنت میں مکمل رہنمائی موجود ہے ۔ اتنے حساس موضوع پر ایک غیر مسلم رکن اسمبلی کو بل پیش نہیں کرنا چاہیئے تھا اور اگر پیش کر بھی دیا گیا تھا تو ضروری تھا کہ حکومت اس سلسلے میں علماءکرام سے بھر پور رہنمائی اور مشاورت حاصل کرتی لیکن اس کے بر عکس سینیٹ میں اس بل کو افراتفری میں منطور کر لیا گیا اور قومی اسمبلی میں اس کو قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علماءکے اجلاس میں اس بل کا مختلف پہلوﺅں سے مکمل جائزہ لیا جائے گا ۔ خاص طور پر اس زاویہ نگاہ سے کہ یہ عمل جونبی کریم ، صحابہ کرامؓ ، تابعین اور بزرگان ِ دین کے دور سے اب تک تو اتر سے جاری رہا اس کو کس طرح قابل سزا قرار دیا جا سکتا ہے ۔ مزید یہ کہ ان قوموں کی نقالی کہاں تک مناسب ہے ، جہاں 13/14سال کے بچوں کو زناکے مواقع تو میسر ہیں لیکن شادی پر پابندی ہے ۔ نتیجتاً آبادی کا بڑا حصہ ان بچوں پر مشتمل ہے جن کے نسب کا پتا ہی نہیں چلتا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی طور پر بھی بل پیش کر نے والوں کے دلائل کے خلاف مضبوط مواد موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی شعار میں مداخلت کے خلاف علماءکے تعاون سے ہر سطح پر بھر پور مزاحمت کی جائے گی ۔
انتظار قتل کیس ،مقتول کے والد نے بیان ریکارڈ کرادیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسد ا ددہشت گردی کی عدالت میں انتظار کیس کی سماعت کے دوران مقتول کے والد اشتیاق احمد نے اپنا بیا ن ریکارڈ کرادیا ہے ۔ہفتہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں مقتول انتظار کے والد نے اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا گھر سے برگر کھانے کے لیے پیسے لے کر گیا تھا مگر شام کو اسکی لاش ملی،میرے بیٹے کو اے سی ایل سی اہلکاروں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کیا ،سی سی ٹی وی فوٹیج اس بات کا ثبوت ہے ،پولیس نے ابتدا میں اے سی ایل سی اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کی ،ثنا اللہ عباسی کی سربراہی میں بنانے والی جے آئی ٹی نے پولیس اہلکاروں کو قتل کا ذمہ دار قرار دیا ،ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے ،عدالت نے مزید سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی ،آئندہ سماعت پر کیس کے مزید گواہوں کو بھی طلب کرلیا،انتظار قتل کیس میں اے سی ایل سی پولیس کے آٹھ اہلکار گرفتار ہیں
سندھ حکومت نے گندم کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا،محمد اسماعیل راہو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے وزیر برائے رسد و قیمت محمداسماعیل راہو نے آٹے کی قیمت میں اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے آٹے کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف بیورو سپلائی پرائسز کے افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو کریک ڈاﺅن کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ کے دارا لحکومت کراچی سمیت کسی بھی شہر میں آٹا مہنگا فروخت ہونے پر پرائسز کنٹرول کے افسران کارروائی کریں،سندھ میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کر سکتے۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ فلور ملز ایسو سی ایشن والوں کو ان کی مرضی سے آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ حکومت نے فی الحال گندم کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔وزیر برائے رسد و قیمت نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 15 روپے اضافہ کرنا قابل مذمت ہے،فلور ملز ایسو سی ایشن والے آئیں سندھ حکومت بات کرنے کوتیار ہے، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار کٹھ پتلی وفاقی حکومت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکو متیں رمضان میں عوام کو ریلیف دیتی ہیں پریہاں تو مہنگائی کے بم گرنا شروع ہوگئے ہیں، ملک میں خان صاحب نے اتنی مہنگائی کردی ہے کہ اب ان کی حکومت کا چلنا مشکل ہوگیا ہے۔
کیپ کا مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومرز ایسو سی ایشن آف پاکستان نے رمضان کے پہلے عشرے میں مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے یہ بات کنزیومرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے چیئر مین کوکب اقبال نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک کی آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں نے مارکیٹ سے پھل غائب کر دیئے ہیں تاکہ وہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی صارفین کو مہنگے داموں اپنی مرضی کے نرخوں پر پھل فروخت کرکے صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال سکیں کوکب اقبال نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے اشیاءخردونوش پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال بھی گرانی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے انہوں نے کہاکہ کنٹرولر جنرل پرائسز کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے تمام تجارتی ایسوسی ایشنز اور کنزیومرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے ساتھ پچھلے کئی ہفتوں سے میٹنگیں کر رہے ہیں تاکہ رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکے مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ منافع خور تاجروں نے اپنی اشیاءصارفین کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے کمر کس لی ہے کوکب اقبال نے کہا کہ مہنگے پھلوں کی فروخت رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں عروج پر ہوتی ہے اس لئے کنزیومرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کی جانب سے پھلو ں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم کا پہلے ہی عشرے سے آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ طلب اور رسد کا فرق ختم کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پھلوں کی بائیکاٹ مہم کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں کوکب اقبال نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگی اشیاءکی خریداری بند کردیں تو اشیاءخوردونوش اور پھلوں کی قیمتیں خود با خوداپنی اصل سطح پر واپس آ سکتی ہیں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور خصوصاََ ڈپٹی کمشنر زسے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کو سستی اور معیاری اشیاءاور خصوصاََ پھلوں کی قیمتوں کو اپنے اپنے علاقوں میں ٹیموں کے ذریعے چیک کریں اور چیکنگ کے نظام کو بہتر سے بہتر بنائیں تاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو پکڑا جا سکے کوکب اقبال نے کہا کہ منافع خوروں پر جرمانہ کرنے کے بجائے انہیں جیل بھیجا جانا چاہئے چونکہ جرمانے کی رقم سے صارفین کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا جبکہ جرمانے کی رقم حکومت کے خزانے میں جمع ہوجاتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹ کرنے والے بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں بھی قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دینی چاہئیں اور قانون میں ترمیم کرکے ملاوٹ کی سزا کو عمر قید یا پھانسی ہونی چاہئے چونکہ ملاوٹ سے انسانی زندگی کو نقصان پہنچتا ہے