سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی تیسری ٹیکنیکل ایڈوائزری کااجلاس

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی تیسری ٹیکنیکل ایڈوائزری کااجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (پ ر) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی تیسری ٹیکنیکل ایڈ وائزری کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، جس میں ماہرین نے سندھ بھر میں اسپتالوں کی رجسٹریشن کے عمل کو میڈیا کے تعاون سے مزید تیز کرنے اور طبی مراکز سے متعلق شکایات کے اندراج کیلئے فارم کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر زوردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں نائب صدر فارمیسی کونسل آف پاکستان ڈاکٹر اے کیو جاوید خان، نیشنل سینٹر آف ہیومیوپیتھک کنسلٹنٹس کے نمائندے ڈاکٹر اخلاق احمد، چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال، پی ایم اے کراچی کے نمائندے اور ای این ٹی سرجن سرجن ڈاکٹر شوکت ملک، انچارج شعبہ نفسیات جنا ح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی،ڈین ضیاء الدین یونیورسٹی ڈاکٹر عباس جعفر، فوکل پرسن نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈریپ ڈاکٹر نجم اور ممبر نیشنل کونسل فار طب سراج الدین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شرکاء نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی مد د سے اسپتالوں کی رجسٹریشن کا عمل مزید تیز کرنے اور طبی مراکز کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے فارم کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجاویز دی گئیں۔ جبکہ اسپتالوں کے معائنہ کے دوران ڈریپ کے مستقل نمائندے کو بھی معائنہ ٹیم کے ساتھ اسپتالوں میں بھیجنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ زائدالمعیاد ادویات اور دیگر طبی آلات کے خلاف بروقت ایکشن لیا جاسکے۔ دوسری جانب انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے لاڑکانہ میں 49 کلینکس کو سیل کردیا جبکہ 25دیگر کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے، ان کلینکس کو اتائی ڈاکٹرز چلا رہے تھے، جبکہ ڈائریکٹر انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ نے سیکرٹری صحت سندھ سے اہم ملاقات کی او ر لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق درالصحت اسپتال کراچی کے آئی سی یو میں اس وقت صرف دو مریض داخل ہیں جبکہ دیگر مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف لائسنسگ اینڈ ایکریڈیشن کو اسپتالوں کی رجسٹریشن کیلئے 128مزید اسپتالوں نے درخو استیں جمع کروائیں جبکہ 97 طبی مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفیکٹس کا اجراء کیا گیا جس سے سندھ میں ٹوٹل رجسٹرڈ اسپتالوں کی تعداد 4511ہوگئی ہے۔ہیلتھ کیئر کمیشن کی معائنہ ٹیم نے ضیاء الدین اسپتال کلفٹن اور ڈاؤ ڈینٹل کالج کراچی کا دورہ بھی کیا۔ دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف کلینکل گورننس اینڈ ٹریننگ کی جانب سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے اہم اجلاس اگلے ہفتے منعقد کیا جارہاہے۔ جس میں اسپتالوں کے طبی فضلے کے حوالے سے اہم امور زیر وغور آئیں گے۔