آرمی، نیوی اور فضائیہ مودی کی جائیداد نہیں، راہول گاندھی

آرمی، نیوی اور فضائیہ مودی کی جائیداد نہیں، راہول گاندھی

نئی دہلی(آن لائن) بھارت کی بڑی سیاسی جماعتوں میں سے کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی، نیوی اور فضائیہ ان کی جائیداد نہیں ہے۔ کانگریس رہنما نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور حکومت کو ناکام قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے عوامی عہدہ سنبھالنے سے قبل قوم سے وعدہ کیا تھا وہ 2 کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نریندر مودی نے اپنی پالیسیوں سے معیشت کو تباہ کردیا، آج وہ نوکریوں اور کسانوں کے حوالے سے بات نہیں کرتے کیونکہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔راہول گاندھی نے دعوی ٰکیا کہ ان کے اندازے کے مطابق لوک سبھا انتخابات میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست ہورہی ہے اور یہ جماعت انتخابات میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا کہ اس وقت الیکشن کمیشن جانب داری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور بی جے پی کی غیرمعمولی حمایت کر رہا ہے۔راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی حکومت کے دوران بھی بھارتی فورسز کی جانب سے '6 سرجیکل اسٹرائیکس' کی گئیں تھیں۔تاہم راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران یہ نہیں بتایا کہ ان کی حکومت کے دوران یہ اسٹرائیکس کہاں کی گئیں تھیں۔علاوہ ازیں کانگریس رہنما نے بھارتی سپریم کورٹ کے خلاف اپنے الفاظ پر معافی بھی مانگی جبکہ ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ یہ معافی عدالتِ عظمی سے ہے اس کا بی جے پی اور مودی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

راہول گاندھی

مزید : صفحہ اول