رمضان المبارک کاچاندنظر نہیں آیا ،رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا

رمضان المبارک کاچاندنظر نہیں آیا ،رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا
رمضان المبارک کاچاندنظر نہیں آیا ،رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا ،پاکستان میں پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل کو ہو گا ،مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا ،اس سے پہلے پنجاب ،بلوچستان اور اسلام آباد  میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا ۔

نجی ٹی وی چینل ’’جیونیوز‘‘ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،پاکستان میں یکم رمضان منگل 7 مئی کو ہو گا ۔ 

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں  محکمہ موسمیات کے آفس  جبکہ دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے،رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی اور زونل اجلاسوں میں  ماہرینِ فلکیات، محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت مفتیان کرام بھی شریک تھے ،  چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی سکوپس سے بھی مدد لی گئی جب کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔

ڈی جی اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کہیں سے بھی چاندنظر آنے کی کوئی شہاد ت موصول نہیں ہوئی۔دوسری طرف اسلام آباد میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ، زونل کمیٹی کی جانب سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کردیا گیاہے ۔رویت ہلال کمیٹی کا کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں بھی پورے بلوچستان سے رمضان کے چاند کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،مولانا انوارا الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے ایک بھی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

دوسری طرف مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی  فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں سپارکو، محکمہ موسمیات اور ٹیکنالوجی ماہرین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈرجاری کرے گی، جس میں عیدین، محرم، رمضان سمیت تمام مہینوں کا کلینڈر جاری ہوگا، اس اقدام سے ہر سال رویت ہلال پرپیدا ہونے والا تنازع ختم ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یورپ میں چاند نظر نہیں آیا تھا اور وہاں آج تراویح اور کل سوموار کے روز  پہلا روزہ ہوگا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -