قبائلی اضلاع میں ترقی وخوشحالی کادور شروع ہوچکا، پوری توجہ نوجوانوں کامستقبل بہتربنانے پرمرکوز ہے:گورنرخیبرپختونخوا

قبائلی اضلاع میں ترقی وخوشحالی کادور شروع ہوچکا، پوری توجہ نوجوانوں ...
قبائلی اضلاع میں ترقی وخوشحالی کادور شروع ہوچکا، پوری توجہ نوجوانوں کامستقبل بہتربنانے پرمرکوز ہے:گورنرخیبرپختونخوا

  


پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں ترقی وخوشحالی کادور شروع ہوچکاہے، قبائلی علاقوں کامستقبل روشن ہے،ملک کے دیگر علاقوں کی طرح قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کوروزگار کے مواقع، صحت و تعلیم سمیت تمام بنیادی وسائل کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کے روز ضلع شمالی وجنوبی وزیرستان پرمشتمل یوتھ جرگہ سے گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کی۔ اس موقع پر یوتھ جرگہ کے ارکان نے گورنر خیبرپختونخوا کو ضلع شمالی وجنوبی وزیرستان سمیت تمام اضلاع میں قبائلی نوجوانوں کو درپیش مسائل  اور ان کے حل سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا کاکہناتھاکہ قبائلی اضلاع قدرتی وسائل اورقدرتی حسن سے مالامال ہیں،مذکورہ اضلاع میں ترقیاتی اقدامات سمیت سیاحت کوفروغ دینے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،حکومتی پالیسیوں  اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت قبائلی اضلاع میں امن بحال ہوا اور آج یہ علاقے امن وامان کاگہوارہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کوپوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

گورنرخیبرپختونخوا نے یوتھ اراکین کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی نوجوان قبائلی روایات و تمدن کے مطابق قبائلی علاقوں کاتشخص برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں،قبائلی نوجوان ملک کے دیگر نوجوان طبقہ کی طرح ہمارامستقبل ہے،جس نےمستقبل میں اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے،ہماری پوری توجہ قبائلی نوجوانوں کامستقبل بہتربنانے پرمرکوز ہے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور