خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں:شہرام ترکئی

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل ...
خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں:شہرام ترکئی

  


صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشن و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے علاوہ  دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں،تحریک انصاف نے عوامی خدمت اور فلاح کو پارٹی منشور کا حصہ بنایا اور کرپشن کے خاتمے کے لئے حقیقی معنوں میں جدوجہد کی،باریاں لینے والوں اور ایزی لوڈ والی سرکار نے ذاتی مفاد اور ایجنڈے کو فوقیت دی اوراپنی جیبیں بھرنے کے لیےعوام کےوسائل پرڈاکہ ڈالا۔

صوابی میں بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ صوابی کی طرح پورے صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا مستقبل تاریک ہے کیوںکہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک کو سنجیدہ اور مخلص قیادت نہیں ملی تاہم اب عمران خان کی قیادت میں ملک تمام مشکلات سے گزر جائے گا اور ترقی کی منازل طے کرے گا۔ شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس وجہ سے عوام میں مایوسی پھیلا رہی ہے کیونکہ ان کی کئی عشروں کی لوٹ مار اور کرپشن کا احتساب ہو رہا ہے۔ انہوں نے صوابی کے شکست خوردہ عناصر کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی تحریک انصاف کی طرح یہاں بڑے ترقیاتی کام کرکے دکھائیں،یونین کونسل یارحسین میں بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرا دیا ہے جبکہ یہاں پر ہسپتال روڈز، نئے فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور مساجد کی سولرائزیشن سمیت ٹیکنیکل کالج تعمیر کروایا ہے۔

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو یہاں سے مینڈیٹ ملنے سے قبل یارحسین نظرانداز یونین کونسل تھی، مخالفین ترقیاتی کاموں میں ان کا مقابلہ کرکے دکھائیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ وہ صوابی کی ہر یونین کونسل بشمول یارحسین میں گراؤنڈز تعمیر کروائیں گے جبکہ جلد ہی یہاں نادرا آفس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے اور جلد مکمل ہو جائے گا۔ 

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /صوابی