آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، شہباز شریف کی لاہور نیب میں پیشی، 2جون کو دوبارہ طلب

  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، شہباز شریف کی لاہور نیب میں پیشی، 2جون کو ...

  

لاہور(خبر نگار،جنرل رپورٹر)نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف سے 2 گھنٹے 10منٹ تک پوچھ گچھ کی، نیب نے انہیں 2 جون کو دوبارہ طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے روبرو پیش ہوئے۔ شہبازشریف نے نیب آفس میں 2 گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔ ذرائع کے مطابق نیب تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اختیارات سے تجاوز کرنے اور فنڈزکے استعمال اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ملنے والے فنڈز سمیت کیمپ آفس کھولنے جیسے سوالات پوچھنے پر میاں شہباز شریف 20 سے 25 منٹ خاموش ہو گئے جبکہ حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور تہمینہ درانی کو تحائف دینے کے سوالات پرسابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ وہ ان تمام سوالات کے جوابات نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے جمع کروا چکے ہیں۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے اختیارات کا کسی قسم کا غلط استعمال نہ کیا ہے۔ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کیمپ آفس عوامی فلاح کے لئے کھولا جس میں پنجاب کے لاکھوں شہریوں کے مسائل کے حل کو ممکن بنایا گیا۔تاہم اس موقع پر میاں شہباز شریف زیادہ تر سوالات کے جوابات نہ دے پائے اور نیب تحقیقاتی ٹیم سے مزید مہلت طلب کی جس پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے مزید تفتیش 2 جون تک ملتوی کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کو دوبارہ طلب کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے خلاف جاری آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلددونوں کیسز کی تفتیش پر مبنی رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کی جائے گی جس کے بعد ریفرنس کی تیاری یا پھر میاں شہباز شریف کو حراست میں لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔علاوہ ازیں نیب آفس لاہور میں میاں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیساتھ ساتھ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر سماجی فاصلے سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ شہباز شریف نے تمام سوالات کے جواب دئیے اور تحریری طور پر جمع بھی کروا دئیے، شہباز شریف سے منی لانڈرنگ کے بارے میں کوئی سوال نہیں پوچھا گیا، ان سے پوچھا گیاآپ اپنے بچوں کی گاڑی میں کیوں آئے ہیں؟ شہباز شریف جھوٹے الزامات اور کورونا کے خطرات کے باوجود نیب میں پیش ہوئے۔

شہبازشریف/پیشی

مزید :

صفحہ اول -