کورونا وباء پر منفی سیاست کرنے والوں کوقوم کبھی معاف نہیں کرے گی: عثمان بزدار

        کورونا وباء پر منفی سیاست کرنے والوں کوقوم کبھی معاف نہیں کرے گی: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدا رنے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا پر سیاست کرنا المیہ ہے، اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی،اپوزیشن رہنما ذہن نشین کر لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے نعرو ں سے نہیں ہوتی، دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ایک بیان میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کورونا وباء میں عوام کوتنہا نہیں چھوڑا جبکہ اپوزیشن رہنما مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ کر صرف بیان داغنے تک محدود ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں اور یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے۔ کورونا کے باعث دنیا بدل گئی لیکن بدقسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کی منفی سیاست نہیں بدلی۔ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں کورونا وباء کیلئے کچھ نہیں کر رہی، صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہیں۔ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں بھی منفی کردار قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن کے پاس کورونا وباء سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔ اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کے تعاون سے کورونا کی وباء پر قابو پانے کے لئے پر عزم ہیں۔ مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہ کر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہوٹلوں میں مقیم کورونٹائن مسافروں کی جانب سے غیرمعیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں کورنٹائن مسافروں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلی عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -