پی ٹی سی ایل کا کورونا کیخلاف جنگ میں 1.9 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستانی عوام کے مواصلاتی رابطوں میں ریڑھ کی ہڈی کے حامل اور ملک کے سب سے بڑے ٹیلی کام گروپس میں شامل، پی ٹی سی ایل گروپ نے کورونا وائرس کے خلاف 1.9 ارب روپے کی خطیر مالیت کے ریلیف اور سپورٹ پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کا مقصد یہ ہے کہ ملک بھر میں لوگوں کو مواصلاتی رابطوں سے جڑارکھا جائے اور انتہائی پسماندہ طبقے کے گھرانوں کو خوراک اور صحت کی ضروریات کی فراہمی میں رسائی مہیا کی جائے۔ گروپ کی اولین ترجیح پاکستان میں مواصلاتی رابطوں کو قائم رکھنا ہے تاکہ عوام، سرکاری و نجی کاروباری ادارے کسی رکاوٹ کے بغیر اپنے کام کو سرانجام دیتے رہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ میں شامل کمپنیاں یوفون، یو مائیکروفنانس بینک اور پی ٹی سی ایل نے اس مشکل وقت میں صارفین کی سہولت اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔اس پیکیج کا ایک بڑا حصہ صارفین کو رعایتی اور مفت سروسز کی فراہمی پر صرف ہوگا تاکہ ان کا مواصلاتی رابطہ برقرار رہے۔پی ٹی سی ایل اور یوفون نے مفت آفرز اور بہترین رعایتوں کی شکل میں لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات میں تعاون فراہم کیا ہے تاکہ اس مشکل وقت میں ان پر کم سے کم بوجھ پڑے اور وہ گھر میں بحفاظت قیام کے دوران ہی اپنے پیاروں اور کاروبار سے جڑے رہ سکیں۔ اسی طرح، موجودہ صورتحال کے دوران یوپیسہ سے یوپیسہ والٹس اور دیگر بینکوں میں فنڈز کے ٹرانسفر پر تمام ٹرانزیکشن چارجز منہا کردیئے گئے ہیں جس سے صارفین کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان میں خاص طور پر، بینکنگ اور ایوی ایشن جیسے شعبہ جات کو مواصلاتی رابطوں میں سہولت فراہم کرنے والا سب سے بڑا گروپ ہے۔ پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں بہت زیادہ اضافے کا بروقت اندازہ لگا کر پی ٹی سی ایل گروپ نے سب میرین کیبل کے ذریعے انٹرنیٹ کی گنجائش بڑھادی تاکہ ریٹیل اور کارپوریٹ صارفین کو کسی رکاوٹ کے بغیر ا نٹرنیٹ سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
پی ٹی سی ایل