لاک ڈاؤن سے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام ہورہا ہے،محمد فیصل
کراچی (پ ر)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام ہورہا ہے۔سنگین صورت حال کی وجہ سے آج نہ صرف چھو ٹے تاجر شدید پریشانی کا شکار ہیں بلکہ غریب ملازمین کے گھروں پر بھی فاقوں کی نوبت پہنچ گئی ہے۔حکومت فور ی طور پر ایس او پیز بناتے ہوئے عید سے قبل کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے۔پیر کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ جہاں کنسٹر کشن سمیت دیگرانڈسٹریز کو کھولنے کے لئے ہدایت جاری کی گئی ہے وہاں مارکیٹوں، بازاروں کو بھی کھولنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ چھوٹے تاجر اور غریب ملازمین بھی اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں کیونکہ مارکیٹس اور بازار بند ہو نے کی وجہ سے ان کا معاشی قتل ہو رہا ہے اور وہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے باعث کاروبارزندگی تباہ ہو چکے ہیں ایک طرف دکانوں کے ہوشربا کرائے تو دوسری طرف یوٹیلیٹی بلز کے علاوہ گھریلو اخراجات نے چھوٹے تاجروں کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا ہے اسی لئے حکومت اس سلسلے میں سنجیدگی سے نوٹس لے۔محمد فیصل نے کہا کہ اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد خصوصاڈرائیورز اور کنڈیکٹرز بھی اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگے تقریباً دو ماہ ہونے والے ہیں۔رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور ز خودکشیوں پر مجبور ہیں۔اگر حکومت گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں دیتی ہے تو پھر ان ٹرانسپورٹرز کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔