ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف کی ڈاکٹروں کو پی پی ای کٹس کی فراہمی

  ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف کی ڈاکٹروں کو پی پی ای کٹس کی فراہمی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امریکی مسلمانوں کی رفاہی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث لاک ڈاون سے متاثر غریب، مستحق اور سفید پوش طبقے کے لیے پاکستان بھر میں امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ گزشتہ ماہ شروع ہونے والے غذائی امداد کے آپریشن میں کراچی سمیت سندھ کے اکثر اضلاع اور ملک کے دوسرے شہروں میں 9 ہزار سے زیادہ راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔ راشن کی فراہمی میں اس طبقے کی عزت نفس کا خیال رکھا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈاکٹروں اور طبی عملے کو عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق حفاظتی لباس، دستانے، این 95 ماسک، خصوصی چشمے اور دوسری ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں۔ کراچی کے سول ہسپتال، پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ضلع جنوبی کی کرونا مانیٹرنگ ٹیم اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ نواب شاہ، خیر پور، سکھر، حیدر آباد اور سندھ کے کئی اضلاع میں یہ حفاظتی کٹس عطیہ کی گئی ہیں۔ اس موقع پرپاکستان الامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدرپروفیسر ڈاکٹر عظیم الدین نے حفاظتی کٹس اور راشن کی فراہمی پر ہیلپنگ ہینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ ہزاروں میل دور بیٹھے پاکستانی اپنے ہم وطنوں کے لیے اس آگے بڑھ کر اپنے حصے سے زیادہ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا میں ڈاکٹر اور طبی عملہ فرنٹ لائن سپاہی ہیں، ان کی زندگی اور صحت کی حفاظت کے لیے عالمی معیار کی یہ کٹس مددگار ثابت ہوں گی۔

مزید :

صفحہ آخر -