شاہ محمود کا بحرینی وزیر خارجہ سے رابطہ، کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کیا
اسلام آباد (آئی این پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل بھارتی کرفیو نے 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن کر دیا ہے۔ پیرکو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کرونا عالمی وبائی صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے بحرین میں مقیم، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت اور بحرین کی جیلوں میں مقید پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے پر، اپنے بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، وزیر خارجہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سلطنت بحرین کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے اس وبا سے نمٹنے کیلئے، پاکستان کیطرف سے اب تک کی جانے والی کوششوں سے، اپنے بحرینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، بحرین کے وزیر خارجہ، بحرین کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کی تعریف کی، وزیر خارجہ نے بحرین کے وزیر خارجہ کو موجودہ وبائی صورتحال،کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کو معاشی بحران سے نکالنے اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے "گلوبل ڈیٹ ریلیف" کی تجویز کے خدوخال اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ڈیٹ ریلیف مطالبے کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں اپنے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل بھارتی کرفیو نے 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن کر دیا ہے، وزیر خارجہ نے بحرینی وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے پے در پے، لاین آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کا کووڈ 19 سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود