مشکل حالات کے باوجود ملازمین کے جائز مطالبات پر غور کریں گے: تیمور جھگڑا

مشکل حالات کے باوجود ملازمین کے جائز مطالبات پر غور کریں گے: تیمور جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے معاشی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ وائرس کے تدارک اور صوبے کے عوام کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبائی حکومت تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کورونا سے بچاؤ، مریضوں کی دیکھ بھال، صحت سہولیات و آلات کی خریداری جبکہ کورونا کی وجہ سے بیروزگار افراد کی مالی امداد اور ٹیکسوں میں چھوٹ ان اقدامات میں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے ان خیالات کا اظہار سول سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ظفر خان یوسفزئی کی سربراہی میں آنے والے وفد نے صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور سرعت کے ساتھ کیے گئے حفاظتی انتظامات سے صوبے میں ابھی تک وائرس نے سنگین صورتحال اختیار نہیں کی۔ وفد نے وزیر خزانہ کو سیکریٹریٹ ملازمین کے الاؤنسز کے حوالے سے مطالبات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے وفد کو یقین دلایا کہ کورونا کی وجہ سے درپیش مشکل حالات کے باوجود صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات پر غور کرے گی۔ صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کے تدارک کے لیے خطیر فنڈز مہیا کر رہی ہے تاکہ صوبے کے عوام کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں مل کر اس وباء اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا سامنا کرنا ہے۔ سول سیکرٹریٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل کے وفد نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ تمام سیکریٹریٹ ملازمین حفاظتی انتظامات کے ساتھ دفاتر میں موجود ہیں اور اپنے فرائض بطریق احسن انجام دے رہے ہیں۔ وفد نے صوبائی وزیر کو ان مشکل حالات میں اپنے بلامشروط تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ہرقسم صورتحال میں صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں

مزید :

صفحہ اول -