سبزی منڈی میں پھڑیوں کی رجسٹریشن کا حکم، منافع خوروں کی مانیٹرنگ شروع

      سبزی منڈی میں پھڑیوں کی رجسٹریشن کا حکم، منافع خوروں کی مانیٹرنگ شروع

  

ملتان (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں واضح کمی کے بعد حکومت کی خواہش ہے کہ شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں،ملتان کی انتظامیہ اس حوالے سے شہریوں تک تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات پہنچانے کی واضح حکمت عملی اپنائے گی، انہوں نے کہا کہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والی دکانیں سیل کردی جائیں گی اور انتظامیہ اشیاء ضروریہ(بقیہ نمبر7صفحہ6پر)

فراہم کرنے کے لیے قوانین پر سخت سے عمل کرائیگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سبزی و فروٹ منڈی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین مارکیٹ کمیٹی محمداکرم چاون اور سیکرٹری اعجاز سلیم بھی ہمراہ ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سبزی و فروٹ منڈی کے باہر تجاوزات کا سخت نوٹس لیا اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام کو فوری طور پر مرکزی شاہراہ سے تجاوزات کرنے کا حکم دیا۔عامر خٹک نے سبزی اورفروٹ کی منڈی آمد اور سپلائی بارے دریافت کیا، ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے آڑھتیوں سے ملاقات بھی کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ منڈی میں سبزی اور فروٹ کی سپلائی بڑھانے کے لئے ہر تعاون کے لیے تیار ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کمی کے بعد اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں کمی کی ضرورت ہے،ہم اس حوالے سے شہریوں تک ثمرات پہنچانے کی حکمت عملی اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنیوالی دکانیں سیل کردی جائیں گی،آڑھتی اور تاجر برادری کورونا وائرس سے بچاو کی تدابیر پر عمل کریں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے اشیاء کی نقل و حمل شروع کردی گئی ہے۔آڑھتیوں نے انہیں بتایا کہ منڈی میں سبزی اور فروٹ کے روزانہ 4 سو ٹرک داخل ہوتے ہیں، ایک ہی دن میں ایرانی کھجور کا ریٹ 340 روپے کلو سے کم ہو کر 255 روپے ہو گیا ہے،ایران سے سیب اور لیموں کی درآمد کا امکان ہے،ایران کا بارڈر کھلنے سے اشیاء کے نرخ کم ہو جائیں گے۔دریں اثناء پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اشیائے ضروریہ ارزاں کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت گزشتہ روز سرکٹ ہاوس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے سی سٹی عابدہ فرید اور اے سی صدر شہزاد محبوب،کمیٹی کے رکن عزیز رسول سندیلہ،تاجر اور صارفین کے نمائندوں کے علاوہ ڈی او انڈسٹریز طارق ولی اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کے دوران سبزی و فروٹ منڈی میں پھڑیوں کی رجسٹریشن کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ منڈی میں موجود پھڑیوں کے لئے بھی ریٹ کا تعین کیا جائے،جو پھڑیا مقررہ ریٹ سے زائد نرخ وصول کرے اسے سبزی منڈی میں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسان سے مال خریدنے اور پھر منڈی میں سے باہر لے جانے میں ڈبل مڈل مین کا کردار ختم کیا جائے،انہوں کہا کہ کریانہ مرچنٹس کے حقیقی منافع کے تعین کیا جائے اس مقصد کے لئے ڈپٹی کمشنر نے اے سی سٹی عابدہ فرید کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم تشکیل دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ سب کمیٹی غلہ منڈی سے اشیائے ضروریہ کے ریٹ حاصل کرے گی اور کریانہ فروش کے لئے منافع تجویز کر کے پرائس کنٹرول کمیٹی کو پیش کرے گی،عامر خٹک نے کہا کہ سب کمیٹی نرخوں کے تعین کے وقت تیل کی قیمتوں میں کمی کو مدنظر رکھے گی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس دودن بعد پھر منعقد ہو گا اور اشیائے ضروریہ کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔پرائس کنٹرول کمیٹی کے ممبر ملک عزیز رسول سندیلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پھڑیے فروٹ اور سبزی کی مہنگائی کا اصل سبب ہیں، انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی سے پھڑئیے کا کردار ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔عزیز رسول سندیلہ نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ پرائس چیکنگ کے دوران دوکانداروں میں امتیاز نہ برتیں۔ادھر کورونا وائرس کے باعث شہر میں جاری لاک ڈاون پر عملدرآمد اور اشیاء ضروریہ کے گوداموں کی رجسٹریش کے معاملہ پر گزشتہ روزڈپٹی کمشنرعامر خٹک سے تاجران کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت تاجران کے مرکزی رہنما خوجہ شفیق نے کی جب کہ جاویداقبال صدیقی احتشام الحق،شیخ طاہر،مرزا،اعجازعلی، شیخ اظہر وفد میں شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کا معاشی پہیہ چلانے میں اہم کردار کرتی ہے،تاجر روزگار فراہم کرنے میں بڑا رول ادا کرتے ہیں،انتظامیہ تاجربرادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاون بارے تاجروں کے تحفظات کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت کوآگاہ کردیا ہے، عامر خٹک نے کہا کہ تاجر اپنے گودام رجسٹرڈ اور سٹاک ڈیکلئیر کریں،ڈیکلئیر اور رجسٹریشن نہ ہونے والے سٹاک کو ذخیرہ اندوزی تصور کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے آرڈیننس کے تحت چھاپہ مارنے کے لئے کسی وارنٹ کی ضرورت نہیں،پرائس مجسٹریٹ کو سمری ٹرائل کااختیار حاصل یے،عامر خٹک نے کہا کہ غلہ منڈی کے تاجروں کے 200 گودام ہیں،مارکیٹ کمیٹی کے پاس صرف 70گودام رجسٹرڈ ہیں،تاجر فون یا واٹس ایپ پرنئے مال کی آمد بارے مارکیٹ کمیٹی کو اطلاع کرے گا،مارکیٹ کمیٹی کاعملہ سٹاک رجسٹرکرنے کے لئے وزٹ کرے گا،عامر خٹک نے کہا کہ غلہ منڈی کے گودام کی رجسٹریشن کے لئے3 یوم کی مہلت دی جارہی ہے۔تاجر رہنما خواجہ شفیق نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنیوالے میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوسکتے،سٹاک کو رجسٹر کرانے کے لیے سہل میکانزم بنایا جائے، مارکیٹ کے نمائندہ کو سٹاکسٹ کے پاس بھیجنے کا پابند بنایا جائے، خواجہ شفیق نے کہا کہ تاجر برادری معاشرے کا ایک ذمہ دار طبقہ ہے۔تاجر برادری قانون کی پاسداری کرے گی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -