ہائیر ایجوکیشن نے جی یو کالا شاہ کاکو کیمپس کے دوسرے فیز کی منظوری دیدی

ہائیر ایجوکیشن نے جی یو کالا شاہ کاکو کیمپس کے دوسرے فیز کی منظوری دیدی

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے جی سی یونیورسٹی، کالا شاہ کاکو کیمپس کے دوسرے فیزکی منظوری دے دی۔منصوبے کے دوسرے فیز پر مجموعی طور پر 1157 ملین روپے لاگت آئے گی اور اس منصوبے کی تکمیل 3 سال میں مکمل ہو گی۔منصوبے کی منظوری ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح ایم مری کی زیرصدارت اجلاس میں دی گئی، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس میں شرکاء کو موجودہ کیمپس میں جگہ کی کمی بارے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ پروجیکٹ کا دوسرا فیز پہلے فیزکی تکمیل کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ایچ ای سی نے یونیورسٹی کو 30 جون تک پہلا فیز مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

پہلے فیز کے تحت جی سی یو کو کیمپس میں سڑکوں اور دیگر بنیاد ی سہولتوں کیلئے 957 ملین روپے فراہم کیئے گئے تھے۔

پہلے فیز میں 1200 طلباء کے لئے ایک تعلیمی بلاک، 300 طلباء کے لئے ہاسٹل، ایڈمن بلاک اور رہائشی اپارٹمنٹ بھی شامل تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے اجلاس کو بتایا کہ جی سی یو 27 تعلیمی شعبوں اور چار ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے پروگرامزآفر کر رہا ہے۔ یونیورسٹی میں طلبا کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، نیاء کیمپس ناگزیر ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے کہا کہ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور ابتدائی طور پر کمپیوٹر سائنس شعبہ کے بعد فزکس، کیمسٹری اور مینجمنٹ سائنسز کو کالا شاہ کاکو کیمپس میں منتقل کر دیا جائے گا۔ان کامزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی اپنے دونوں کیمپسز کے مابین شٹل سروس چلائے گی۔جی سی یو ورکس کمیٹی کے کنوینر انجینئرڈاکٹر عبداللہ یاسر اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر یاسر گیلانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -