رہا ئشی سکیموں کی جلد منظوری کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ ایجنسی بنانے کا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر) ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا تیسرا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت ہواجس میں راوی اربن ڈویلپمنٹ ایجنسی قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو اس منصوبے پر عملدرآمد کرنے کے لئے اپنے دائرہ کار میں ایل ڈی اے ایکٹ 1975ء کے تحت مختلف امور انجام دینے کی مجاز ہوگی۔اس موقع پرگورننگ باڈی کے ممبر میجر (ر) برہان علی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس ایجنسی کو فعال کرنے کے لئے ایک ماہ کے اندر اندر ضروری عملے کا تعین کرے گی اور عملے کی بھرتی کا طریقہ کار وضع کرے گی۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں ننکانہ صاحب سے ایم پی اے محمد عاطف اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ شامل ہیں۔گورننگ باڈی نے پرائیویٹ رہائشی سکیموں کی فاسٹ ٹریک پر منظوری دینے کے لئے منظوری کے طریقہ کار کو آسان اور سادہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مختلف امور انجام دینے کے لئے دیگر متعلقہ محکموں کی طرف سے کی جانے والی کارروائی جلد از جلد مکمل کروانے کے لئے ٹائم لائنز مقرر کرنے کی خاطر حکومت پنجاب کو سمری ارسال کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مو ثر آپریشن کرنے کے لئے ایل ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سرکاری محکموں کو ریزرو پرائس پرالاٹ کئے جانے والے پلاٹوں کی قیمت کا 30فیصد ادا کرنے کے لئے دی جانے والی مدت کا تعین الاٹمنٹ کی تاریخ سے کرنے کی بجائے اتھارٹی کے حتمی فیصلے کی تاریخ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا اور ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود،میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اورصوبائی محکمہ ہاؤسنگ، بلدیات فنانس،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی۔